علما بدعنوان عناصر کے وکیل صفائی نہیں بن سکتے‘ حافظ حسین

162

کوئٹہ(صباح نیوز)جمعیت علما اسلام پاکستان کے رہنما اور پارلیمنٹرین حافظ حسین احمد نے کہا ہے کہ،علما کسی کی کرپشن اور بدعنوانی کے لیے وکیل صفائی نہیں بن سکتے،پی ڈی ایم کے26 مارچ کے مارچ کوبھی ماضی کے آزادی مارچ کی طرح رینٹل مارچ بنانے کی مکمل منصوبہ بندی کی گئی ہے ۔ان خیالات کااظہار انہوں نے تحفظ دینی مدارس کانفرنس اور میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہا کہ پی ڈی ایم کا 26مارچ کا ایجنڈابھی آزادی مارچ کی طرح شریف خاندان کو لندن میں بظاہر ایک نیا میڈیکل ڈراما رچانے کا موقع فراہم کرانا ہے اور چھوٹی سی سرجری(جو لندن کے بغیر پاکستان میں ممکن نہیں)کا بہانا بنا کر اپنوں اور غیروں کو سنادیاگیا تاکہ سرجری کے بہانے جانے والی کے لندن پہنچنے پر خاندان مکمل ہوسکے۔ انہوں نے کہا کہ مدارس کے طلبہ اور علما کرام ختم نبوت ناموس رسالت مساجد و مدارس کے تحفظ کے لیے اپنا تن من دھن کی بازی لگائیں گے۔ حافظ حسین نے کہا کہ ماضی میں ایسی ہی صورتحال میں پیسہ پھینک تماشہ دیکھ کے فارمولے کو استعمال کیا گیا اور اب دوبارہ رینٹل مارچ کا بجٹ طے کردیا گیا ہے۔انہوں نے کہا کہ اتحاد المدارس کے ساتھ حکومت کے مذاکرات میں طے شدہ امور پر عمل پیرا ہونے کے بجائے معاملات کو الجھایاجارہاہے، جس کی بھرپور مخالفت کی جائیگی۔