الخدمت اورپنجاب بیت المال میں مفاہمتی یادداشت پر دستخط

192

راولپنڈی (نمائندہ جسارت)الخدمت فاؤنڈیشن پاکستان اورپنجاب بیت المال کے مابین فلاحی کاموں میں تعاون کے حوالے سے ایک مفاہمتی یادداشت پر دستخط کیے گئے۔ اس حوالے سے الخدمت کمپلیکس میں ایک پروقار تقریب کا انعقاد کیا گیا۔ سینئر نائب صدر الخدمت فاؤنڈیشن پاکستان سید احسان اللہ وقاص اور چیئرمین بیت المال پنجاب ملک اعظم نے معاہدے پر دستخط کیے۔ سیکرٹری جنرل الخدمت فاؤنڈیشن شاہد اقبال، ایگزیکٹو ڈائریکٹر خبیب بلال، جنرل منیجر پروگرامز حماد اختر اور صوبائی وزیر سماجی بہبود سید یاور عباس بخاری بھی اس موقع پر موجود تھے۔ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے سید احسان اللہ وقاص نے بتایا کہ معاہدے کے تحت الخدمت فاؤنڈیشن اور پنجاب بیت المال ملکرمعاشرے کے کمزور طبقے خواتین،بیواؤں اور معذور افراد کی فلاح و بہبود کے لیے کام کریں گے۔پنجاب بیت المال اور الخدمت فاؤنڈیشن کے تحت پنجاب بھر میں مستحق خواتین خصوصاََ بیواؤں میں سلائی مشینیں تقسیم کی جائیں گی۔ ملک اعظم نے کہا کہ دین اسلام ہمیں انسانیت کی خدمت کا درس دیتا ہے۔ مفاہمتی یادداشت کے ذریعے ایک نئے پروگرام کا آغاز کیا گیا ہے جس کا براہ راست فائدہ مستحق خواتین بالخصوص بیواؤں کو ہوگا۔ سید یاور عباس بخاری نے کہا کہ انسانیت کی خدمت سے بڑھ کر اور کوئی عبادت نہیں۔الخدمت فاؤنڈیشن کی دکھی انسانیت کے لیے خدمات قابل تقلید ہیں۔