وزیر اعظم آزاد کشمیر پانی کی معطلی پر برہم، مسئلہ فوری حل کرنے کا حکم

163

مظفر آباد (صباح نیوز) وزیر اعظم آزادجموں وکشمیر راجا محمد فاروق حیدر خان نے نیلم جہلم پروجیکٹ انتظامیہ کی جانب سے نوسیری ڈیم کی صفائی کے غیر ذمے دارانہ طرز عمل کے باعث پانی کی معطلی پر سخت برہمی کا اظہار کرتے ہوئے ہدایت کی ہے کہ مظفرآباد شہر میں پینے کے پانی کا مسئلہ 24 گھنٹوں کے اندر حل کیا جائے۔ وزیر اعظم آزاد کشمیر نے اس حوالے سے اعلیٰ سطحی اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کہا کہ ایسے حالات کیوں پیدا ہوئے ‘یہ کوئی معمولی بات نہیں ‘ مستقبل میں ایسی صورتحال پیش نہیں آنی چاہیے ، نیلم جہلم پروجیکٹ انتظامیہ کی غیر ذمے داری کی وجہ سے مظفرآباد میں پانی کا بحران ہوا اورواٹرٹریٹمنٹ پلانٹ کو نقصان پہنچا ، پروجیکٹ انتظامیہ آئندہ متبادل انتظامات یقینی بنائے ۔راجا فاروق حیدر نے کہا کہ آئندہ اس طرح کے مسائل سے بچنے کے لیے حکومت آزادکشمیر اور واپڈا کے درمیان باقاعدہ معاہدہ کیا جائے ،پانی فراہمی بحال کرتے ہوئے رپورٹ پیش کی جائے ۔