سابق سیکرٹری اسپیشل ایجوکیشن نورمحمد لغاری و دیگر کی درخواست ضمانت مسترد

80

کراچی (اسٹاف رپورٹر) اسپیشل ایجوکیشن ڈپارٹمنٹ میں 294 افراد کی غیر قانونی بھرتیوں کا ریفرنس ، سندھ ہائی کورٹ نے سابق اسپیشل ایجوکیشن سیکرٹری نور محمد لغاری سمیت 8 ملزمان کی درخواست ضمانت مسترد کردی۔عدالت عالیہ نے سابق اسپیشل ایجوکیشن سیکرٹری نور محمد لغاری سمیت 8 ملزمان کی درخواست ضمانت مسترد کرتے ہوئے ملزمان کو گرفتار کرکے جیل بھیجنے کا حکم دیا،عدالتی حکم کے بعد نیب نے سندھ ہائی کورٹ کے باہر کارروائی کرتے ہوئے سابق اسپیشل ایجوکیشن سیکرٹری نور محمد لغاری اور ڈاکٹر کشور کمارکو گرفتار کرلیا۔دیگر ملزمان میں پی ایس سیکرٹری محمد علی، ناز پروین، محمد علی شاہ، مشتاق احمد، خالد سلیمان اور عبدالرحمن شامل ہیں۔ نیب کا الزام ہے کہ ملزمان نے 2012ء سے 2015ء کے درمیان کراچی، حیدرآباد، اور سکھر ریجن میں غیر قانونی بھرتیاں کیں اور ٹیسٹ میں تمام امیدواروں کو 90،90 مارکس دیے۔سابق سیکرٹری کے پی ایس نے اپنی اہلیہ کو عربی ٹیچر کی نوکری بھی دلائی،ملزمان نے غیر قانونی بھرتیاں کر کے قومی خزانے کو کروڑوں کا نقصان پہنچایا،سابق سیکرٹری اسپیشل ایجوکیشن نور محمد لغاری سمیت دیگر ملزمان کے خلاف احتساب عدالت میں ریفرنس زیر سماعت ہے ۔