حادثات ،قتل اور دیگر واقعات میں 6 شہری جاں بحق

184

کراچی (اسٹاف رپورٹر)شہر میںہونے والے مختلف حادثات و واقعات میں 6افرا د جاں بحق اور5 زخمی ہوگئے ،جاں بحق ہونے والوں میں2نوعمر بھائی بھی شامل ہیں، جب کہ زخمیوں میں 2خواتین بھی شامل ہیں۔ تفصیلات کے مطابق کورنگی ضیاء کالونی میں کلہاڑی سے مسلح ملزمان نے گھر میں گھس کر ایک شخص کو پے در پے وار کر کے قتل جبکہ مقتول کی والدہ اور بہن کو شدید زخمی کر دیا۔ملزمان مقتول کی بیوی کو بھی اغوا کر کے فرار ہوگئے ۔ کورنگی پولیس نے بتایاکہ عوامی کالونی کے علاقے کورنگی ضیاء کالونی بنگالی پاڑہ کے قریب گھر میں زبردستی 3 نامعلوم افراد نے گھس کر 26 سالہ عبدالستار نامی شخص کو کلہاڑیوں کے وار کر کے قتل کر دیا جبکہ مقتول کی والدہ اور بہن کو بھی زخمی کر دیا۔ترجمان کورنگی پولیس کے مطابق ابتدائی تفتیش کے مطابق 3 سال قبل مقتول عبدالستار نے پسند کی شادی کی تھی اور اپنے آبائی گائوں سے بھاگ کر کراچی آگیا تھا تاہم لڑکی کے اہلخانہ نے موقع پا کر ان کے گھر پر حملہ کر دیا۔ کلہاڑی کے وار سے زخمی ہونے والی ماں اور بیٹی کی حالت تشویشناک بتائی جاتی ہے ۔گلشن معمار بشیر پٹی کے قریب ٹریکٹر ٹرالی سے گر کر 2 نوعمر بھائی پہیوں تلے کچلے گئے۔ متوفین کی شناخت 8 سالہ عاطف اور 9 سالہ نعیم کے نام سے ہوئی ہے۔سائیٹ رشیدہ آباد چڑھائی کے قریب ڈرائیور کے قابو سے باہر ایک تیز رفتارڈمپر سلینڈر کی دوکان گھس گیا جس کے نتیجے میں 26سالہ جاوید اور 30سالہ سیدعلی زخمی ہوگئے جن کوفوری طور پر اسپتال منتقل کردیا گیا ۔ایم اے جناح روڈ پرٹاور کے قریب ایک 45سالہ شخص نے اپنے سر پرگولی مار کے خودکشی کرلی ،اورنگی ٹاؤن فٹبال چورنگی کے قریب سے ایک 55سالہ نامعلوم شخص کی لاش برآمد ہوئی، نیشنل اسٹیڈیم کے قریب نامعلو م سمت سے آنے والی گولی لگنے سے 26سالہ عبدالرحمان ولد محمدیعقوب زخمی ہوگیا جسے جناح اسپتال شفٹ کیا گیا، لیاقت آباد جھنڈا چوک کے قریب فائرنگ سے40 سالہ سراج ولد احسن زخمی ہوگیا،جس کو فوری طور پر اسپتال منتقل کردیا گیا پولیس کے مطابق واقعہ ڈکیتی مزاحمت کا نتیجہ ہے ۔