متحدہ رہنمائوں کوقتل کرنے والا ملزم سی ٹی ڈی کے ہاتھوں گرفتار

68

کراچی (اسٹاف رپورٹر)ایم کیو ایم لندن عامر خان، مقبول صدیقی اور فیصل سبزواری کو قتل کروانا چاہتی ہے اس بات کا انکشاف سی ٹی ڈی کے ہاتھوں ایم کیو ایم لندن کے گرفتار مبینہ دہشت گرد واحد حسین نے پولیس کی تفتیش کے دوران کیا۔ ملزم نے بتایا کہ عامر خان، مقبول صدیقی اور فیصل سبزواری کوقتل کرنے کا پروگرام تھا۔تفتیشی ذرائع کے مطابق دہشت گرد واحد حسین سلیم بیلجیم کا قریبی ساتھی اور پاکستان میں چیف مقرر تھا۔سلیم بیلجیم سے دہشتگردی کی تمام ہدایات واٹس ایپ کے ذریعے لی جاتی تھیں۔ پاکستان مخالف دہشت گردی میں سلیم بیلجیم تمام مالی معانت کرتا تھا، 8 دسمبر 2018 کو ایم کیو ایم پاکستان کے میلاد پر حملہ بھی سلیم بیلجیم کی ہدایت پر کیا گیا۔ایم کیو ایم پاکستان کے میلاد حملہ میں خواجہ اظہار الحسن، عامر خان ، مقبول صدیقی اور فیصل سبزواری ٹارگٹ تھے۔ چاروں رہنما ئوںکے قتل نہ ہونے پر بانی ایم کیو ایم نے سلیم بیلجیم سے ناراضگی کا اظہار کیا تھا۔ملزم نے تفتیشی حکام کو بتایا کہ دسمبر 2018 ء کو پی ایس پی کے دفتر پر حملہ بھی سلیم بیلجیم کی ہدایت پر کیا۔ پی ایس پی کے دفتر حملہ میں محمد نعیم نامی کارکن قتل ہوا، جس پر سلیم بیلجیم کو واٹس ایپ پر بانی ایم کیو ایم کی جانب سے شاباش بھی دی گئی۔