پی آرسی ایس اوریواین ڈی پی کی5روزہ تربیتی ورکشاپ

214

کراچی (اسٹاف رپورٹر) پاکستان ریڈ کریسنٹ سوسائٹی (پی آر سی ایس) کی سندھ برانچ اور یو این ڈی پی کے اشتراک سے پانچ روزہ تربیتی ورکشاپ کا انعقاد کراچی کے ایک مقامی ہوٹل میں کیا گیا۔ تربیتی پروگرام کا مقصد پروجیکٹ اسٹاف کو تربیت فراہم کرنا تھا تاکہ وہ سندھ اور بلوچستان کے ساحلی علاقوں کی مقامی آبادیوں کو سونامی اور زلزلہ کے خطرات سے نمٹنے کی صلاحیت میں اضافہ کرنے کے لیے موثر طریقے سے آگاہی فراہم کرسکے۔ سید سلمان شاہ ڈائریکٹر جنرل پاکستان ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی سندھ نے تربیتی پروگرام کی اختتامی تقریب کے شرکا سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان ریڈ کریسنٹ اور یو این ڈی پی اس اہم پروجیکٹ کی تشکیل اور عملدرآمد پر تعریف کے حقدار ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ پاکستان ریڈ کریسنٹ کے پاس رضاکاروں کی ایک بڑی تعداد موجود ہے اور یہ تنظیم تجربہ کار ہونے کے ساتھ ساتھ سندھ کے دیہی اور شہری علاقوں میں بہت مقبول ہے جس کی وجہ سے باآسانی اس پروجیکٹ پرموثر انداز میں عملدرآمد کیا جارہا ہے۔ اختتامی کلمات میں انہوں نے کہا کہ پی ڈی ایم اے سندھ نے بھی اسی طرح کے منصوبوں پر کام کیا ہے، لہٰذا مستقبل میں ہم یو این ڈی پی اور پاکستان ریڈ کریسنٹ کے ساتھ مل کر کام کرنے کے منتظر ہونگے۔ چیئرسن پاکستان ریڈ کریسنٹ سندھ مسز شہناز ایس حامد نے اپنے ایک پیغام میں یو این ڈی پی اور اس پروجیکٹ کے عملے کی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان ریڈ کریسنٹ مختلف آبادیوں کو خطرات سے نمٹنے کی صلاحیتوں کو بڑھانے اور مستحکم کرنے کے لیے کوشاں ہے اور یہ عمل آئندہ بھی جاری رہے گا۔