میری ٹائم سیکورٹی ایجنسی نے 17بھارتی ماہی گیرپکڑلیے

227

کراچی( اسٹاف رپورٹر) پاکستان میری ٹائم سیکورٹی ایجنسی کی بھارتی ماہی گیروں کے خلاف گہرے سمندر میں کاروائی 17ماہی گیروںسمیت 3کشتیوںکو تحویل میں لے لیا گیا ،ترجمان کے مطابق پاکستان میری ٹائم سیکیورٹی ایجنسی کی پی ایم ایس اے کے بحری جہاز ، ائرکرافٹ اور تیز رفتار کشتیاں گشت پر تھیں کہ اطلا ع موصول ہوئی کہ پاکستانی سمندری حدود میں بھارتی کشتیا ں داخل ہو کر غیر قانونی طور پر شکار کر رہی ہیںتاہم میری ٹائم نے تیز رفتار بوٹس کو روانہ کیا اور 3بھارتی ماہی گیر کشتیوں اور اس پر موجود 17بھارتی ماہی گیروںکو گرفتار کر لیا ،ترجمان کے مطابق ماضی قریب میں ہندوستانی ماہی گیروں کی پاکستانی سمندری حدود میں غیر قانونی دراندازی میں غیر ضروری اضافہ ہوا ہے ،موجودہ حالات اور اس حقیت کے پیش نظر کہ ان کشتیوںمیں جی پی ایس نصب ہوتا ہے ،ہماری سمندری حدود میں اتنی اندر تک موجو دگی قابل تشویش ہے کیونکہ یہ کشتیاں دیگر غیر قانونی مقاصد کے لیے بھی استعمال ہوسکتی ہیں ، مزید برآں ہندوستانی ماہی گیر سمندری طورپر مالا مال انڈس ڈیلٹا کے خطے میں دراندازی کر رہے ہیں جس میں اعلیٰ معیار کی مچھلیاں موجود ہیںمقامی ماہی گیر جن کا دارومدار ماہی گیری پر ہے ان کے نقصان ، مچھلی کے ذخیرے میںکمی اور ماحولیاتی نقصان کا باعث بھی بن رہے ہیں ابتدائی تفتیش کے بعد ماہی گیروںکو مزید قانونی چارہ جوئی کے لیے ڈاکس پولیس کے سپرد کر دیاگیا ۔