بھارت پاکستان کو بلیک لسٹ کرانے میں ناکام رہا‘ شاہ محمود قریشی

256

اسلام آباد (صباح نیوز) وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے کہا ہے کہ بھارت پاکستان کو بلیک لسٹ میں شامل کرانے میں ناکام رہا‘ ہم نے دہشت گردی کے خلاف جنگ میں بھاری قیمت چکائی ہے۔انہوں نے ایف اے ٹی ایف اور سیز فائر معاہدے کے حوالے سے اپنے بیان میں کہا کہ ایف اے ٹی ایف 27 میں 24 پوائنٹس پر پاکستان کے مکمل عملدرآمد کا معترف ہے‘ رواں سال جون تک ہم بقیہ3 پوائنٹس پر بھی عملدرآمد کر لیں گے‘ پاکستان نے یہ اقدامات صرف ایف اے ٹی ایف کے لیے نہیں بلکہ اپنے قومی مقاصد میں کیے ہیں ‘ بھارت ایف اے ٹی ایف کو سیاسی مقاصد کے لیے استعمال کرتا ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ ڈی جی ایم او کا رابطہ اور سیز فائر معاہدے کی پاسداری پر آمادگی مثبت قدم ہے‘ بھارت مسئلہ کشمیر سے متعلق سلامتی کونسل کی قراردادوں سے انکار نہیں کرسکتا۔ علاوہ ازیںوزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی سے عراق کے وزیر دفاع جمعہ عناد سعدون نے ملاقات کی۔ دفترخارجہ کے مطابق مخدوم شاہ محمود قریشی نے کہا کہ پاکستان عراق کے ساتھ اپنے برادرانہ تعلقات کو بہت اہمیت دیتا ہے۔ دونوں نے موجودہ دوطرفہ تعلقات کو مزید فروغ دینے اور انہیں مضبوط بنانے کی باہمی خواہش کا اعادہ کیا اور علاقائی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا۔ وزیر خارجہ نے عراق کی خود مختاری، سیاسی وحدت اور جغرافیائی سالمیت کے لیے پاکستان کی حمایت کا اعادہ کیا۔