سندھ اسمبلی: اپوزیشن اور حکومتی ارکان الجھ پڑے‘ ایوان میدان جنگ بن گیا

319

کراچی (اسٹاف رپورٹر) سندھ اسمبلی میں حکومت اور اپوزیشن بینچوں کے درمیان کشیدگی بدستور برقرار ہے، جمعہ کو ایوان کی کارروائی کے دوران دونوں جانب کے ارکان ایک دوسرے سے الجھ پڑے اور معاملہ ہاتھا پائی تک پہنچتے پہنچتے رہ گیا، ہنگامہ آرائی کے دوران فریقین نے ایک دوسرے کے خلاف غیر پارلیمانی ریمارکس بھی پاس کیے۔ جمعہ کو ایوان کی کارروائی اسپیکرآغاسراج درانی کی زیرصدرات ڈیڑھ گھنٹہ سے زاید تاخیرسے شروع ہوئی۔ کارروائی کے آغاز میں سابق وزیراعلیٰ قائم علی شاہ کی صاحبزادی کے انتقال ،کے پی کے میں 3 سماجی رہنماؤں کے قتل اورتھرپارکر میں ڈاکٹروں کی غفلت کے باعث انتقال کرجانے والے شخص کے لیے دعائے مغفرت کی گئی۔پی ٹی آئی کے رکن خرم شیر زمان نے نشاندہی کی کہ شہرمیں کتے کے کاٹنے کے واقعات بڑھ گئے ہیں اور لگتا ہے کہ سندھ میں کتوں کا راج ہے۔خرم شیر زمان کے جملے پرحکومتی ارکان بپھر گئے ، وزیر پارلیمانی امور مکیش کمار چاؤلہ نے اسپیکر سے کہا کہ فاضل رکن سے کہیں کہ وہ اپنی زبان قابو میں رکھیں۔ایوان میں شور شرابہ شروع ہوگیا اور حکومت اور اپوزیشن کے ارکان ایک دوسرے سے الجھ پڑے کشیدگی کے دوران پی ٹی آئی اور پیپلز پارٹی کے ارکان ایک دوسرے کے سامنے آگئے اور معاملہ ہاتھا پائی تک پہنچتے پہنچتے رہ گیا۔پی پی کے برہان چانڈیو مشتعل ہوکر پی ٹی آئی کے ارکان کی جانب بڑھے تو انہیں پی ٹی آئی کے عمر عمری نے آگے بڑھنے سے روکا۔اس موقع صوبائی وزیر تیمور تالپور نے پی ٹی آئی کے رکن سے کہا کہ ادھر آؤ تمہیں بتاتاہوں۔ اس دوران اسپیکر آغا سراج درانی مسلسل کہتے رہے کہ پلیز بیٹھ جائیں اوردعا کا احترام کریں لیکن ارکان نے اس پر کوئی توجہ نہیں دی۔ مکیش کمار چاولہ نے خرم شیر زمان کے لیے غیر پارلیمانی الفاظ استعمال کیے۔پی ٹی آئی کے سعید آفریدی نے شکایت کی کہ ایوان میں دھمکیاں دی جارہی ہیں۔ تیمور تالپور نے کہا کہ نالائق عمران نیازی نے ملک کومقروض کردیا، وفاقی حکومت کی ٹیکس ایمنسٹی اسکیم کا فائدہ عمران خان کی بہن نے اٹھایاہے،نالائق اور کرپٹ حکومت بھی جلد ختم ہو جائے گی۔ وزیر پارلیمانی امور نے اپوزیشن پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ ان چوروں اور لینڈ گریبرز کے ٹولے کو کہیں کہ تمیز سے بات کرے۔ اس موقع پر خرم شیر زمان نے کہا کہ ایوان کے ماحول کو کنٹرول کریں۔ ایک وزیر کھڑے ہو کر گھٹیا زبان استعمال کرتے ہیں۔ بعد ازاں اسپیکر نے اسمبلی کا اجلاس پیر صبح 11 بجے تک ملتوی کردیا۔