ماضی کے قرضوں کی وجہ سے مہنگائی بڑھی‘وزیراعظم

430
لاہور: وزیراعظم عمران خان سینٹرل بزنس ڈسٹرکٹ منصوبے کا سنگ بنیاد رکھ رہے ہیں

لاہور‘اسلام آباد(صباح نیوز+مانیٹرنگ ڈیسک )وزیراعظم عمران خان نے کہا ہے کہ ماضی میں لیے گئے قرضو ں کے باعث روپے کی قدر پر دباؤ آیا اور مہنگائی ہوگئی۔لاہور میں سینٹرل بزنس ڈسٹرکٹ منصوبے کی افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم کا کہنا تھا کہ پنجاب ترقیاتی منصوبوں میں پیش رفت پر وزیراعلیٰ عثمان بزدار کامشکور ہوں، سینٹرل بزنس ڈسٹرکٹ منصوبے سے دلی خوشی ہور ہی ہے، گزشتہ ایک سال سے قطر سے معاہدے کی کوشش کررہے تھے، آج پاکستان اور قطر میں ایل این جی معاہدہ طے پا گیا، جس سے پاکستان کو سالانہ 300 ملین ڈالر کا فائدہ ہوگا، اس کی بھی مجھے انتہائی خوشی ہے۔وزیراعظم کا کہنا تھا کہ لوگ کہتے ہیں پرانی باتیں نہ کریں لیکن گزشتہ 10 سال میں ملک جس طرح قرضے میں ڈوبا، ماضی میں معاشی نظام کو صحیح سمت میںنہیں رکھا گیا، قرضوں کے باعث روپے کی قیمت پر دباؤ آیا اور مہنگائی ہوگئی ، ہم گزشتہ حکومتوں کے لیے ہوئے قرضوں کی قسطیں ہی ادا کررہے ہیں، اب ہر سال ہم پر قرضوں کی قسطیں بڑھتی جارہی ہیں، مشکل وقت سے نکلنے کے لیے ملک کو آگے سوچنا پڑتا ہے، آؤٹ آف دی باکس کا مقصد پرانی سوچ سے باہر نکلنا ہے، سب سے پہلے آمدنی بڑھانی ہے اور خرچے کم کرنے ہیں، ہم نے اخراجات کم کیے ہیں اور مزید کم کر رہے ہیں ۔عمران خان نے کہا کہ لاہور بہت تیزی سے پھیلا ہے،یہاں پانی کا بڑا مسئلہ ہوگا، لاہور پھیلتا جارہا ہے اسے روکنے کے لیے ورٹیکل اوپرجانا پڑے گا، ائرپورٹ اور فلائنگ کلب شہرکے اندر نہیں ہوتا، وفاقی حکومت نے والٹن ائرپورٹ کے لیے الگ جگہ دیدی ہے، راوی سٹی اور والٹن ائرپورٹ منصوبہ پاکستان کے لیے ویلتھ جنریٹ کرے گا۔وزیراعظم کا کہنا تھا کہ کہا جارہا ہے یہاں درخت کٹ رہے ہیں، کسی نے آج تک پاکستان میں درخت لگانے کا نہیں سوچا تھا، پاکستان میں بڑے بڑے جنگل ختم ہوگئے، جنگلوں کی زمینوں پر قبضے ہوگئے، پہلی دفعہ درخت لگانے اور شجرکاری مہم کا ہم نے سوچا، سب سے پہلے ملک میں شجرکاری مہم شروع کی اورکے پی کے میں درخت لگائے، پاکستان کی تاریخ کا سب سے بڑا ماحولیات دان خود کو سمجھتا ہوں۔عمران خان نے کہا کہ نئی ہاؤسنگ سوسائٹیز میں اوورسیز پاکستانی سرمایہ کاری کرتے ہیں،ہمیشہ کہتا ہوں ہمارا سب سے بڑا اثاثہ اوورسیز پاکستانی ہیں، راوی اربن پروجیکٹ اور اس منصوبے میں اوورسیز کا بڑا انٹرسٹ ہے،اس کے علاوہ پہلی بارملکی تاریخ میں کوشش ہو رہی ہے تنخواہ دار کے لیے گھر بنائے جائیں،پوری کوشش کررہے ہیں بینک چھوٹے ملازمین کو قرض دیں ، کوشش ہے جو لوگ ماہانہ کرایہ دیتے ہیں وہ قسطوں پر گھر حاصل کریں۔علاوہ ازیںوزیراعظم عمران خان نے ٹوئٹر پر سری لنکن وزیراعظم مہندا راجا پکشے کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ میں سری لنکن حکومت کی جانب سے کورونا (COVID-19) سے انتقال کر جانے والوں کی تدفین کی اجازت کے سرکاری فرمان (آفیشیل نوٹیفکیشن) کے اجراء کا خیر مقدم کرتا ہوں اور اس پر سری لنکن قیادت کا شکر گزار ہوں۔ادھر سری لنکن مسلمانوں نے بھی وزیراعظم عمران خان کا شکریہ ادا کیا ہے۔ پہلے سری لنکا میں کورونا وائرس سے ہلاک مریضوں کی لاشوں کو جلانے کا قانون نافذ تھا جس کے خلاف مقامی مسلمانوں نے کافی احتجاج کیا تھا۔ اس متنازع قانون پر انسانی حقوق کی تنظیموں نے بھی شدید تنقید کی تھی تاہم سری لنکن حکام کی خام خیالی تھی کہ مریضوں کی لاشوں سے بھی کورونا پھیل سکتا ہے۔