پلوشہ خان اور فیصل واوڈا کی اہلیت کیخلاف فریقین کو نوٹس

148

کراچی (اسٹاف رپورٹر) سندھ ہائیکورٹ میں کاغذات نامزدگی منظوری کے خلاف درخواست کی سماعت ہوئی جہاں عدالت نے پلوشہ خان، الیکشن کمیشن اور دیگر کو نوٹس جاری کرتے ہوئے فریقین سے یکم مارچ کو جواب طلب کرلیا، درخواست گزار کا کہنا ہے کہ الیکشن ٹریبونل نے حقائق سنے بغیر پلوشہ خان کو سینیٹ انتخابات کے لیے اہل قرار دیا، پلوشہ خان نے اپنے شوہر کا نام چھپایا، ذرائع آمدن بھی نہیں بتائے۔علاوہ ازیںپی ٹی آئی کے فیصل واوڈا کے سینیٹ انتخابات کے کاغذات نامزدگی منظوری کے خلاف درخواست کی سماعت ہوئی جہاں عدالت نے الیکشن کمیشن، وفاقی حکومت اور فیصل واوڈا کو نوٹس جاری کردیے۔ عدالت نے پیر کو فریقین سے جواب طلب کرلیا ہے۔ پیپلز پارٹی کے قادر خان مندوخیل نے الیکشن ٹربیونل کے فیصلے کو چیلنج کررکھا ہے ان کا مؤقف ہے کہ فیصل واوڈا 2018ء سے اپنی دہری شہریت چھپائی، عام انتخابات میں دہری شہریت چھوڑنے سے متعلق غلط بیانی کی،الیکشن کمیشن سمیت ٹربیونل نے کاغذات نامزدگی درست قرار دیے تھے،فیصل واوڈا کو نااہل قرار دیا جائے۔