کیپٹن(ر) صفدر نے چیئرمین نیب کیخلاف ایف آئی اے کو درخواست دیدی

149

اسلام آباد(آن لائن)مسلم لیگ(ن)کے سابق ایم این اے کیپٹن (ر) محمد صفدر نے چیئرمین نیب کیخلاف آمدن سے زاید اثاثہ جات کی انکوائری کے لیے ڈائریکٹر جنرل ایف آئی اے کو درخواست دے دی۔کیپٹن(ر)صفدر نے سابق رکن قومی اسمبلی کی حیثیت سے درخواست دی ہے۔ نجی کورئیر کمپنی کے ذریعے درخواست ڈی جی ایف آئی اے کو بھجوا دی گئی ہے۔درخواست میں استدعا کی گئی ہے کہ چیئرمین نیب کے خلاف جوائنٹ انوسٹی گیشن ٹیم تشکیل دی جائے، جے آئی ٹی ایڈیشنل ڈی جی کے رینک کے آفیسر کی زیر نگرانی تشکیل دی جائے، انکوائری ٹیم بغیر کسی دباؤ کے میرٹ پر تحقیقات کرے۔درخواست میں کہا گیا ہے کہ ملزم نے ذرائع آمدن سے زاید اثاثے بنا کر قانون کی خلاف ورزی کی، ملزم کو ذاتی حیثیت میں بذریعہ سمن طلب کر کے جواب طلبی کی جائے ،انکوائری میں الزامات ثابت ہونے پر مقدمہ درج کر کے ملزم کو گرفتار کیا جائے۔درخواست میں کہا گیا ہے کہ جسٹس ( ر) جاوید اقبال ایک اہم سرکاری ادارے کے سربراہ ہیں،اربوں روپے کی جائدادیں بنارکھی ہیں،یہ جائدادیں اپنی فیملی اور بے نامی داران کے نام پر آمدن سے زایدبنا رکھی ہیں،جس کا ریکارڈ ملزم کے ذاتی، فیملی اور بے نامی داران کے بینک اکاؤنٹس ، ٹیکس ریکارڈ سے مل سکتا ہے ۔