پاک بھارت فائر بندی معاہدے پر امریکہ کا خیر مقدم

329

ترجمان امریکی محکمہ خارجہ نے پاکستان اور بھارت کے مابین گزشتہ روز ہونے والے  فائربندی معاہدے کا خیرمقدم کیا ہے۔

بین الاقوامی میڈیا کے مطابق وائٹ ہاؤس کی ترجمان جین ساکی نے پاکستان اور بھارت کے درمیان فائر بندی معاہدے کا خیرمقدم کرتے ہوئے کہنا تھا کہ جنوبی ایشیا میں وسیع تر امن اور استحکام ہم سب کے مفاد میں ہے اور ہم دونوں ملکوں کی حوصلہ افزائی کرتے ہیں کہ وہ اس پیشرفت کومزید آگے بڑھائیں۔

ترجمان وائٹ ہاؤس جین ساکی نے کہا ہے کہ ترجمان وائٹ ہاؤس کا مزید کہنا تھا کہ ایل او سی پر جنگ بندی جنوبی ایشیا میں امن اور استحکام کیلئے مثبت پیشرفت ہے۔

دوسری جانب ترجمان امریکی محکمہ خارجہ نے کہا کہ پاکستان امریکا کا اہم شراکت دار ہونے کے ساتھ ساتھ دونوں کے بیشتر مفادات مشترک ہیں جبکہ افغانستان میں قیام امن سے متعلق پاکستان کا کردار اہمیت کا حامل ہے اور کشمیر اور دیگر تصفیہ طلب امور پر براہ راست بات چیت کی حمایت کرتے ہیں۔

واضح رہے کہ گزشتہ روز پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کی جانب سے جاری بیان میں کہنا تھا کہ پاکستان اور بھارت کے ڈائریکٹرجنرل ملٹری آپریشنز کا ہاٹ لائن پر رابطہ ہوا ہے، جس میں لائن آف کنٹرول اور دیگر تمام سیکٹرز کی صورتحال کا جائزہ لیا گیا۔ پاک بھارت ڈی جی ایم اوز کی گفتگو اچھے ماحول میں ہوئی۔

آئی ایس پی آر کے مطابق مشترکہ مفادات کے حصول اور خطے میں پائیدار امن کے قیام کے لیے دونوں ممالک کے ڈی جی ایم اوز نے امن کی تباہی اور تشدد کو فروغ دینے والے بنیادی معاملات اور خدشات کو حل کرنے پر اتفاق کیا۔ فریقین نے باہمی معاہدوں، سمجھوتوں اور ایل او سی سمیت دیگر سیکٹرز پر سیز فائر پر 24 اور 25 فروری کی درمیانی رات سے سختی سے عمل درآمد پر اتفاق کیا۔ ہاٹ لائن گفتگو کے دوران اس بات کا بھی اعادہ کیا گیا کہ کسی بھی غیر متوقع صورتحال یا غلط فہمی کو دور کرنے کے لیے ہاٹ لائن رابطے اور بارڈر فلیگ میٹنگ کا موجودہ طریقہ کار استعمال کیا جائے گا۔