پی ایس ایل: ملتاط سلطانز نے لاہور قلندرز کو 7 وکٹ سے شکست دیدی

384

کراچی: پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) سیزن 6 کے ساتویں میچ میں ملتان سلطانز نے لاہور قلندرز کو یکطرفہ مقابلے کے بعد 7 وکٹ سے شکست دیدی۔

نیشنل اسٹیڈیم میں کھیلے گئے میچ میں ملتان کی ٹیم نے لاہور کا 158 رنز کا ہدف 17 ویں اوور میں حاصل کرلیا، لاہور کے قلندرز کے 158 رنز کے ہدف کے تعاقب میں ملتان کی جانب سے اننگز کا آغاز محمد رضوان اور کرس لن نے کیا تاہم کرس لن بغیر کوئی رن بنائے پویلین لوٹ گئے جب کہ ون ڈاؤن آنے والے جیمس وینس بھی صرف 5 رنز بناکر آؤٹ ہوگئے۔

کپتان ملتان سلطانز محمد رضوان نے اپنی فارم کو برقرار رکھا اور ایک بار پھر جارحانہ اور ذمہ دارانہ بیٹنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے صہیب مقصود کے ساتھ 110 رنز کی شراکت بنائی جس کے بعد محمد رضوان 76 رنز بناکر آؤٹ ہوگئے جب کہ صہیب مقصود وکٹ پر ڈٹے رہے اور صرف 41 گیندوں پر 61 رنز کی ناقابل شکست اننگز کھیلی جس کی بدولت ملتان کی ٹیم نے 158 رنز کا ہدف 16.2اوورز میں حاصل کرلیا۔

اس سے قبل ملتان سلطانز کے کپتان محمد رضوان نے ٹاس جیت کر پہلے لاہور قلندرز کو بیٹنگ کی دعوت دی ، لاہور قلندرز کی جانب فخر زمان اور سہیل اختر نے بیٹنگ کا آغاز کیا، لاہور کا آغاز اچھا نہ رہا اور دونوں اوپنرز جلد ہی پویلین لوٹ گئے، لاہور قلندرز دو وکٹ صرف 17 رنز پر گنوادی، فخرزمان 9 اور کپتان سہیل اختر 7 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے۔

اس کے بعد محمد حفیظ اور جوئے ڈینلی کے درمیان 89 رنز کی شراکت قائم ہوئی، اس موقع پر جوئے ڈینلی 31 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے، دوسری جانب محمد حفیظ نے اپنا جارحانہ انداز جاری رکھا اور 26 گیندوں پر نصف سنچری اسکور کی۔ لاہور قلندرز کی سے محمد حفیظ 60 رنز بنا کر ٹاپ اسکورر رہے۔ ملتان کی جانب سے شاہنواز دھانی اور کارلوس براتھ ویٹ نے دو دو کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔