رواں ہفتے مہنگائی میں ہوشربا اضافہ، آٹے کی قیمت بھی بڑھ گئی

471

اسلام آباد: ادارہ شماریات نے ملک میں ہفتہ وار مہنگائی کی رپورٹ جاری کر دی جس کے مطابق حالیہ ہفتے میں مہنگائی کی شرح میں 2 اعشاریہ 41 فیصد اضافہ ہوا ہے۔

ادارہ شماریات کی جانب سے جاری کی گئی ہفتہ وار مہنگائی کی رپورٹ کے مطابق اشیاء خوردونوش کی قیمتوں میں ہوشربا اضافہ ہوا ہے، حالیہ ہفتے میں مہنگائی کی شرح میں 2 اعشاریہ 41 فیصد اضافہ ہوا ہے جس کے بعد مہنگائی کی مجموعی شرح 13 اعشاریہ 89 فیصد کی سطح پر پہنچ گئی۔

رپورٹ کے مطابق ایک ہفتے کے دوران 25 اشیا کی قیمتوں میں اضافہ 5 میں کمی ریکارڈ کی گئی ہے، جبکہ 21 اشیا کی قیمتوں میں استحکام رہا، حالیہ ہفتے ٹماٹر دو روپے، پیاز ایک روپیہ، گڑ بیس پیسے فی کلو سستا ہوا۔

رواں ہفتے بیس کلو آٹے کا تھیلا پانچ روپے مہنگا ہو گیا اور بیس کلو آٹے کا تھیلا 950 روپے سے بڑھ کر 955 روپے کا ہو گیا۔ مرغی کا گوشت، انڈے، گھی اور دالوں کی قیمتیں بڑھ گئیں، ایک ہفتے کے دوران مرغی کا گوشت 5 روپے فی کلو مہنگا ہو گیا، مرغی کی فی کلو قیمت 225 روپے سے بڑھ کر 250 روپے تک پہنچ گئی، ایک ہفتے میں ڈالڈا گھی کا اڑھائی کلو ٹن 8 روپے مہنگا ہو گیا جبکہ رواں ہفتے دال چنا تین روپے فی کلو مہنگی ہو گئی۔