ایف اے ٹی ایف کی پاکستان سے متعلق رپورٹ جاری

682

فنانشل ایکشن ٹاسک فورس (ایف اے ٹی ایف) نے پاکستان سے متعلق رپورٹ جاری کردی۔ وزارت خزانہ کے مطابق فیٹف نے مختلف شعبوں میں پیش رفت پر پاکستان کی تعریف کی۔

وزارت خزانہ کا کہنا ہے کہ فیٹف کے اجلاس میں پاکستان کی کارکردگی کا جائزہ لیا گیا۔ پاکستانی وفد نے حماد اظہر کی سربراہی میں کارکردگی رپورٹ پیش کی۔

وزارت خزانہ کے مطابق پاکستان نے  27 میں سے 24 پوائنٹس کے حوالے سے زبردست کام کیا۔

ایف اے ٹی ایف نے پاکستان کو 4 ماہ کی مہلت دیتے ہوئے جون تک گرے لسٹ میں برقرار رکھنے کا فیصلہ کیا ہے اور کہا ہے کہ پاکستان نے 27 میں سے 24 نکات پر عملدرآمد کرلیا ہے، جون تک تمام 27 نکات پر عملدرآمد کرے۔

ایف اے ٹی ایف نے مزید کہا ہے کہ ٹیررفنانسنگ کے ضمن میںخامیاں پائی گئی ہیں۔ ایف اے ٹی ایف نے 4 روزہ پلانری اجلاس کی تکمیل پر اعلان کیا ہے کہ پاکستان بد ستور ان کی گرے لسٹ پر موجود رہے گا۔

صدر ایف اے ٹی ایف ڈاکٹر مارکس کا کہنا تھا کہ پاکستان نے اعلیٰ سطح پر ایکشن پلان پر عمل درآمد کی یقین دہانی کرائی ہے، اس وقت پاکستان کو بلیک لسٹ میں نہیں ڈالا جاسکتا۔ 4 ماہ بعد پاکستان کی جانب سے ایکشن پلان پر عمل درآمد کی تصدیق کریں گے، دیکھیں گے کہ پاکستان کی جانب سے ایکشن پلان پر عمل درآمد کتنا پائیدار ہے۔