میرپور خاص:بجلی و گیس کی لوڈشیڈنگ کیخلاف شہریوں کا احتجاج

142

میرپورخاص، ٹنڈوجام (نمائندگان جسارت) سوئی گیس کے مصنوعی بحران، لوڈشیڈنگ اور کم پریشر کیخلاف سماجی رہنماﺅں اور شہریوں کا میرپور خاص پریس کلب کے سامنے احتجاجی مظاہرہ کیا گیا۔ اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے سماجی رہنماءظفر باجوہ، فیضان سومرو اور دیگر نے کہا کہ میرپورخاص شہر کے لوگ گزشتہ کافی عرصہ سے محکمہ سوئی گیس کے افسران کی نااہلی کی وجہ سے پریشان ہیں، افسران نے شہر میں گیس کا مصنوعی بحران پیدا کر کے شہریوں کو عذاب میں مبتلا کر رکھا ہے، روزانہ دس سے بارہ گھنٹے گیس کی لوڈشیڈنگ کی جارہی ہے اور اکثر گیس کا پریشر کم ہوتا ہے جس کی وجہ سے شہریوں کو کھانا پکانے میں سخت مشکلات ہیں۔ انہوں نے الزام لگایا کہ گیس کمپنی کے افسران اور سی این جی اسٹیشن مالکان کی ملی بھگت کر کے گھروں کو فراہم کی جانے والی گیس کا پریشر کم کرکے سی این جی اسٹیشنوں کو فراہم کی جارہی ہے جو قابل مذمت عمل ہے۔ انہوں نے حکام بالا سے مطالبہ کیا ہے کہ میرپورخاص میں سوئی گیس کے بحران، لوڈشیڈنگ اور کم پریشر کا نوٹس لیا جائے۔ ٹنڈوجام میں گیس اور بجلی کی بدترین لوڈشیڈنگ جاری، عوام پریشان، جمعہ کو احتجاج کرنے کا اعلان۔ بجلی 6 گھنٹے سے زائد لوڈشیڈنگ کے بعد گیس کی لوڈشیڈنگ بھی شروع کردی گئی ہے، رات دس بجے سے صبح تک شہر میں گیس کی سپلائی بند رکھی جاتی ہے اور گیس جب دی جاتی ہے تو پریشر کم ہونے کی وجہ سے لوگ پریشان رہتے ہیں۔ آل برادری اتحاد ٹنڈوجام کے صدر نواب ندیم راجپوت نے آل برادری اتحاد کے تحت اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ گیس کی لوڈشیڈنگ نے عوام کی زندگی اجیرن بنا کر رکھ دی ہے۔ لوڈشیڈنگ کیخلاف بعد نماز جمعہ عبدالستار ایدھی چوک سے سوئی سدرن کے آفس تک احتجاجی ریلی نکالی جائے گی اور آفس کے سامنے دھرنا دیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ جب تک عوام اپنے حقوق کے لیے بھرپور آواز نہیں اُٹھائیں گے اس وقت کوئی مسئلہ حل نہیںہوگا۔