کوئٹہ ،کرنٹ لگنے سے ایک شخص جاں بحق،گولی لگنے سے خاتون زخمی

144

کو ئٹہ(نمائندہ جسارت)کوئٹہ میں کرنٹ لگنے سے ایک شخص جاں بحق ہوگیا ہے ،جبکہ اندھی گولی لگنے سے خاتون زخمی ہو گئیں۔ تفصیلات کے مطابق جمعرات کو کوئٹہ کے نواحی علاقے اسپینی روڈ پر کرنٹ لگنے سے ایک شخص جاں بحق ہوگیا جس کی نعش ضابطے کی کارروائی کے لیے بولان میڈیکل کمپلیکس اسپتال منتقل کردی گئی ۔ضروری کارروائی کے بعد نعش ورثا کے حوالے کردی گئی ۔ادھرکوئٹہ کے علاقے پشتون آباد میں اندھی گولی لگنے سے ایک خاتون بی بی سعیدہ زخمی ہو گئیں ۔ جسے فوری طور پر سول اسپتال منتقل کردیا گیا جہاں اسے طبی امداد دی جارہی ہے۔ دوسری جانب ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن جج سریاب ڈویژن طارق انور کاسی نے منشیات برآمدگی کے مقدمے میں نامزد ملزم کو جرم ثابت ہونے پر 2سال قید بامشقت اور ہزاروں روپے جرمانے کی سزا سنادی ۔ سرکار کی جانب سے ڈپٹی پبلک پراسیکیوٹر خالد احمد پانیزئی نے کیس کی پیروی کی ۔ استغاثہ کے مطابق ملزم اسد اللہ سے پولیس تھانہ کیچی بیگ کے اہلکاروں نے 13ستمبر 2020ء کو شریف آباد چوک پر دوران گشت 2کلو گرام چرس برآمد کرکے مقدمے کا چالان عدالت میں پیش کیا تھا ، گزشتہ روز چرس برآمدگی کا جرم ثابت ہونے پر عدالت کے جج نے ملزم کو 2سال قید بامشقت اور مبلغ 10ہزار روپے جرمانے کی سزا سنائی ، عدم ادائیگی جرمانہ کی صورت میں ملزم کومزید ایک ماہ قید بھگتناہوگی ۔