پی ایس ایل میں تماشائیوں کی تعداد بڑھانے پر شائقین کا اظہار مسرت

274

کراچی (سید وزیر علی قادری) پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) نے پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) 6 میں شامل کراچی لیگ کے آئند میچوں کے لیے 50 فیصد تماشائیوں کو اسٹیڈیم میں داخلے کی اجازت دینے پر نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشنز سنٹر (این سی اوسی)کا شکریہ ادا کیا ہے، ایونٹ میں شامل لاہور لیگ کے میچز سے متعلق فیصلہ بعد میں کیا جائے گا۔اس سلسلے میں کراچی لیگ کے آئندہ میچوں کے لیے ٹکٹ کی آن لائن فروخت گزشتہ شپ سے ہوگئی ہے۔ کرکٹ فینز ان میچز کے لیے اپنے ٹکٹس مقررہ وقت پر www.bookme.pkسے خرید سکیں گے۔بک می ڈاٹ پی کے نے مداحوں کی سہولت کے لیے فون نمبر (03137786888) بھی مخصوص کررکھاہے، جہاں کوئی بھی شائق کال کر کے ٹکٹ خرید سکتا ہے۔ اس عمل کے لئے اپنا شناختی کارڈ نمبر اور فون نمبر دینا لازمی ہوگا۔ جب مذکورہ شخص کا ٹکٹ کنفرم کردیا جائے گا تو اسے اپنے رجسٹرڈ کروائے گئے فون نمبر پر ایک ٹوکن نمبر بھیجا جائے گا، جس پر ایزی پیسہ یا جاز کیش کے ذریعے ٹکٹ کی رقم جمع کروائی جاسکے گی۔ رقم جمع کروانے پر مذکورہ شخص کو ای ٹکٹ کوڈ بھجوایا جائے گا، جس کا پرنٹ یا ایس ایم ایس دکھا کر اسٹیڈیم میں داخلے کی اجازت ہوگی۔چیف ایگزیکٹو پی سی بی وسیم خان نے کہا ہے کہ مداح پاکستان سپر لیگ کا اثاثہ ہیں اور ان کی موجودگی کے بغیر یہ ایونٹ نامکمل ہے ۔ اس پس منظر میں پی سی بی این سی او سی کا مشکور ہے کہ جس نے تمام رائونڈ میچز کے لیے 50 فیصد اورپلے آف اور فائنل کے لیے 100 فیصد تماشائیوں کو اسٹیڈیم میں داخلے کی اجازت دی ہے۔انہوں نے کہا کہ پی سی بی نے ابتدائی طور پر پی ایس ایل 6 میں شامل کراچی لیگ کے میچز کے لیے 50 فیصد تماشائیوں کو اسٹیڈیم آنے کی دعوت دے رہا ہے تاہم اس دوران ہم تماشائیوں کی جانب سے کوویڈ 19 پروٹوکولز پر عملدرآمد کرنے سمیت مجموعی صورتحال کا جائزہ لینے کے بعد ہی لاہور لیگ کے میچز سے متعلق کوئی بھی فیصلہ کریں گے۔ لہذا ایونٹ میں شامل کراچی لیگ کے آئندہ میچوں کے لیے ٹکٹس گزشتہ شب 10 بجے سے بک می ڈاٹ پی کے پر دستیاب ہوں گی۔وسیم خان نے کہا کہ فی الحال لاہور لیگ کے لیے 20 فیصد تماشائیوں کی ٹکٹس ہی آن لائن دستیاب ہوں گے، جس میں اضافہ پی سی بی کے لاہور لیگ میں تماشائیوں کی تعداد بڑھانے سے متعلق فیصلے کے بعدہی کیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ اس موقع پر وہ بطور چیف ایگزیکٹو پاکستان کرکٹ بورڈ تمام کرکٹ مداحوں سے درخواست کرتے ہیں کہ وہ کراچی اور لاہور کے اسٹیڈیمز میں داخل ہوتے وقت مقررہ تمام ایس او پیز پر عملدرآمد کریں کیونکہ یہ ایس او پیز صرف ان کے لیے ہی نہیں بلکہ اسٹیڈیم میں موجود دیگر شائقین کی صحت اور حفاظت کے لیے بھی بنائے گئے ہیں۔ تماشائیوں کے لیے این سی او سی سے منظور شدہ ایس او پیز پر عملدرآمد ضروری ہے۔ ضابطہ اخلاق کے مطابق ماسک کے بغیر اسٹیڈیم میں داخلے کی اجازت نہیں ہوگی، اسٹیڈیم میں داخلے اور سیٹ پر بیٹھے ہوئے اپنے چہرے کو ماسک سے ڈھانپے رکھیں گے، اسٹیڈیم میں موجود عملے سے اپنے اسٹینڈز میں داخلے کی جگہ کے بارے میں مکمل معلومات حاصل کرلیں۔ اسٹیڈیم میں بیٹھے ہوئے سماجی فاصلے کا مکمل خیال رکھیں اور ببل میں موجود کسی بھی فرد سے دور رہیں، ہر وقت اپنی نشست پر موجود رہیں سوائے ریسٹ رومز یا اسٹیڈیم سے باہر نکلتے وقت وہاں موجود عملے سے مزید رہنمائی حاصل کریں۔