صنعتکاروں کو بے یارومددگار چھوڑدیا گیا،فیصل خان

268

کراچی (اسٹاف رپورٹر) نارتھ کراچی ایسو سی ایشن آف ٹریڈ اینڈ انڈسٹری(نکاٹی) کے صدر فیصل معیز خان نے کہا ہے کہ نارتھ کراچی صنعتی ایریاکے صنعتکار پاکستان کی معاشی ترقی میں اپنا بھرپور کردار ادا کررہے ہیں مگر افسوس اس صنعتی ایریا کے صنعتکاروں کو بے یارومددرگار چھوڑ دیا گیاہے ۔ نارتھ کراچی انڈسٹریل ایریا کے صنعتکار سوشل سکیورٹی کے ادارے کے ساتھ منسلک ہونا چاہتے ہیں جو کہ فیکٹری میں کام کرنے والے مزدوروں کے لیے نہایت سود مند ہے لہٰذا ضرورت اس امر کی ہے کہ سوشل سکیورٹی کی افادیت اور اس کی اہمیت کو درست طریقے سے اجاگر کیا جائے ۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے ایمپلا ئرز فیڈریشن آف پاکستان ( ای ایف پی ) اور انٹرنیشنل لیبرآرگنائزیشن (آئی ایل او) کے تعاون سے’’سوشل سکیورٹی کی اہمیت اور افادیت‘‘ پر منعقدہ سیمینار سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔سیمینار سے ای ایف پی کے نائب صدر ذکی احمد خان، نیشنل پراجیکٹ کوآرڈنیٹر آئی ایل او تسنیم سعید، چیئرمین نکاٹی لیبر سب کمیٹی سید طارق رشید اور این کے آئی ڈی ایم سی کے سی ای او صادق محمد نے بھی خطاب کیا۔اس موقع پر نکاٹی کے نائب صدر نعیم حیدر ، اراکین منیجنگ کمیٹی اور نکاٹی کے ممبران نے کثیر تعداد میں شرکت کی۔ نکاٹی کی لیبر سب کمیٹی کے چیئرمین سید طارق رشید نے اپنے خطاب میں کہا کہ سوشل سکیورٹی کی اہمیت اور ضرورت سے انکار نہیں کیاجا سکتا تاہم اس کے قوانین پر نظر ثانی کی اشد ضرورت ہے ۔انہوںنے وزیر لیبر سندھ سعید غنی کے دورہ نکاٹی کا ذکر کرتے ہوئے کہاکہ اس وقت صوبائی وزیر کا کہنا تھا کہ سوشل سکیورٹی کے قوانین کو سہل اور آسان بنایا جارہا ہے تاکہ فیکٹری میں کام کرنے والے مزدور سہولیات سے مستفید ہوسکیں گے ۔ نارتھ کراچی انڈسٹریل و مینجمنٹ کمپنی(این کے آئی ڈی ایم سی) کے چیف ایگزیکٹیو آفیسر صادق محمد نے کہا کہ اس طرح کے سیمینار کے انعقاد سے سوشل سکیورٹی سے متعلق آگائی فراہم ہوتی ہے۔