مذہبی ہم آہنگی وقت کی اشد ضرورت ہے، پیر نورالحق قادری

167

کوئٹہ(آن لائن )وفاقی وزیر برائے مذہبی امور اور بین مذاہب ہم آہنگی پیر نور الحق قادری نے کہا ہے کہ بلوچستان محبتوں کی سر زمین ہے یہاں سے محبت اور امن کا پیغام پوری دنیا کو ملے گا۔ کوئٹہ میں بین المذاہب کانفرنس کے انعقاد کا مقصد نسل، مذہب سمیت دیگر چیزوں سے بالاتر ہوکر سوچنا ہے اقلیتوں کے تحفظ کا بل پارلیمنٹ کی مشترکہ قائمہ کمیٹی کے سپرد ہے چاروں صوبوں سے مشاورت لی جائے گی۔ ان خیالات کا اظہار انھوں نے ایک روزہ بین المذاہب ہم آہنگی کانفرنس بعنوان’’ باہمی مذہبی احترام ‘‘سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ انھوں نے کہا کہ غیر مسلموں کے تمام حقوق کی ذمے دار ریاست ہے اقلیتوں کو وہ تمام حقوق حاصل ہیں جو ہمیں حاصل ہیں۔ بھارت میں مسلمانوں اور مسیحی افراد کے ساتھ امتیاز ی سلوک روا رکھا جارہا ہے۔ ملک میں بسنے والے تمام مکاتب فکر کے افراد کو تمام مسائل کا یکجا ہوکر مقابلہ کرنا ہوگا۔ اگلے چند سال میں بیلجیم میں مسلمانوں کی اکثریت ہوگی ۔اس موقع پر منظور ہونے والے مشترکہ اعلامیے میں کہا گیا کہ ایک دوسرے کی عبادت گاہوں کا احترام ،مذہبی تنازعات کو سنجیدگی سے حل کیا جائے۔ مدارس کے نصاب میں بین المذاہب ہم آہنگی ترتیب دی جائے اقلیت کے بجائے مناسب لفظ کا انتخاب کیا جائے ۔میڈیا میں نفرت انگیز مواد سے گریز کیاجائے ،عدم تشدد اور احترام انسانیت کی تعلیمات عام کی جائیں۔