سینیٹ:بلوچستان میں 12 نشستوں پر 34 امیدوار

135

کوئٹہ (نمائندہ جسارت) بلوچستان میں تحریک انصاف اور بلوچستان عوامی پارٹی کے سینیٹ کے3 امیدواروں نے کاغذات نامزدگی واپس لے لیے۔ پی ٹی آئی نے بی اے پی کی درخواست پر اپنا امیدوار دستبردار کیا۔ گزشتہ روز تحریک انصاف کے جنرل نشست کے لیے امیدوار ظہور آغا نے اپنے کاغذات نامزدگی واپس لے لیے۔ کاغذات کی واپسی کے لیے ظہور آغا خود الیکشن کمیشن کے دفتر میں پیش ہوئے۔ ظہور آغا کا کہنا تھا کہ کاغذات نامزدگی وزیر اعظم عمران خان کے کہنے پر واپس لیے ہیں۔ باپ نے عمران خان سے اپنا امیدوار دستبردار کرانے کی درخواست کی تھی۔ دوسری جانب اقلیتی نشست پر باپ کے امیدوار خلیل جارج اور شانیہ خان نے بھی اپنے کاغذات نامزدگی واپس لے لیے، جس کے بعد بلوچستان سے سینیٹ کی 12 نشستوں پر اب34 امیدواروں کے درمیان مقابلہ ہوگا۔