طلبہ یونین بحال کی جائے

414

امیر جماعت اسلامی پاکستان سراج الحق نے کہا ہے کہ طلبہ یونین کی بحالی وقت کا تقاضا ہے اور طلبہ کا جمہوری حق ہے، طلبہ یونینوں پر پابندی حکمرانوں کے آمرانہ ہتھکنڈوں کا ثبوت ہے۔ وہ اسلامی جمعیت طلبہ کے ایک وفد سے گفتگو کر رہے تھے جو ان سے ملاقات کے لیے آیا تھا۔ پاکستانی سیاست جن امراض کا شکار ہے اس کا ایک سبب طلبہ یونین پر پابندی کا فیصلہ ہے جو فوجی حکومت نے کیا تھا۔ اس کا مقصد اجتماعی زندگی سے سیاسی شعور کا خاتمہ تھا تاکہ عالمی اور قومی آمرانہ ایجنڈوں کے نفاذ کے خلاف مزاحمت ختم کی جائے۔ فوجی حکومت ختم ہو گئی۔ ایک سے زیادہ بار سیاسی جماعتوں کی حکومتیں قائم ہوئیں، ایک بار اعلان بھی ہوا، لیکن جمہوریت کی بحالی کے باوجود طلبہ یونین بحال نہیں کی گئی۔ اس کی وجہ یہ ہے کہ سیاست پر بے اصول جاگیر داروں، سرمایہ داروں اور اسٹیبلشمنٹ کا کنٹرول بر قرار رہے۔ ان طاقتوں نے سیاست کو بد عنوان عناصر کا گندہ کھیل بنا دیا ہے۔