خاشق جی کیس کی خفیہ رپورٹ جاری کرنے کا امریکی اعلان

229

واشنگٹن (انٹرنیشنل ڈیسک) امریکا نے سعودی صحافی جمال خاشق جی کے قتل کی خفیہ رپورٹ جلد منظر عام پر لانے کا اعلان کیا ہے، جب کہ اقوام متحدہ نے انصاف کے لیے امریکی رپورٹ کو اہم قرار دیا ہے۔ وائٹ ہاؤس کی ترجمان جین ساکی نے کہا کہ صحافی کی موت سے متعلق رپورٹ اجرا کے لیے تیار کی جا رہی ہے۔ صدر بائیڈن نے یہ رپورٹ پڑھ لی ہے اور جلد ہی وہ سعودی شاہ سلمان بن عبدالعزیز سے اس سلسلے میں ٹیلی فونک رابطہ بھی کریں گے۔ خبر رساں اداروں کے مطابق عام خیال یہ ہے کہ اس رپورٹ میں قتل کا الزام سعودی ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان پر عائد کیا گیا ہے۔ صدر بائیڈن سعودی عرب سے امریکا کے تعلقات کو از سر نو ترتیب دینے کا ارادہ رکھتے ہیں۔ واضح رہے کہ امریکی اخبار واشنگٹن پوسٹ کے نمایندے جمال خاشق جی کو 2018ء میں استنبول کے سعودی سفارت خانے میں بے رحمی سے قتل کر دیا گیا تھا۔واقعے کے بعد سے ترکی اور سعودی عرب کے درمیان تعلقات میں بھی کشیدگی پیدا ہوئی تھی، جو کسی حد تک تاحال جاری ہے۔ سعودی عرب کی ایک عدالت نے اس قتل کے جرم میں 5 اہلکاروں کو موت کی سزا سنائی تھی ۔، تاہم گزشتہ سال ستمبر میں ان کی سزا میں کمی کرکے 20 سال قید میں بدل دیا گیا تھا۔