شکست خوردہ آرمینی فوج کا سربراہ برطرف بغاوت کا الزام

498
یریوان: آرمینیا کے وزیر اعظم نکول پاشنیان بغاوت کے الزام میں آرمی چیف کو برطرف کرنے کے بعد دارالحکومت کی گلیوں میں عوامی حمایت حاصل کررہے ہیں

یریوان (انٹرنیشنل ڈیسک) آرمینی وزیر اعظم نکول پاشنیان نے فوجی سربراہ اونیک گاسپاریان کو بغاوت کے الزام میں برطرف کردیا۔ وزیراعظم نے قوم سے خطاب میں کہا کہ ملک میں جو کچھ ہو رہا ہے وہ اسے فوجی بغاوت سمجھتے ہیں۔ عالمی ذرائع ابلاغ کے مطابق اس سے قبل آرمینیا کی فوج نے وزیراعظم سے مستعفی ہونے کا مطالبہ کیا تھا،جس کے بعد حکومت اور فوجی قیادت آمنے سامنے آگئی تھی۔ فوجی سربراہ نے آذر بائیجان کے ہاتھوں شکست کا سارا ملبہ وزیراعظم کے سر پر ڈال کر انہیں ہزیمت پر ذمے دار قرار دیا تھا۔ انہوں نے کہا کہ کول پاشنیان جنگی حالات میں ملکی سالمیت کے معاملے پر ٹھوس موقف نہیں اپنایا۔ ادھر وزیراعظم نے اپنے بیان میں کہا کہ فوجی بغاوت کی ہر کوشش مسترد کرتے ہیں۔ فوج کے سربراہ کو برطرف کردیا گیا ہے اور جلد ہی ان کے متبادل کا اعلان کیا جائے گا۔واضح رہے کہ گزشتہ سال نومبر میں آذربائیجان سے شکست اور امن معاہدے پر آرمینی وزیراعظم کے دستخط کے بعد ملک بھر میں احتجاج کے دوران مظاہرین نے وزیراعظم کے استعفے کا مطالبہ کیا تھا۔ آذربائیجان سے معاہدے سے آرمینیا کے حمایت یافتہ علاحدگی پسند وں کا نگورنوکاراباخ پر قبضے کا خاتمہ ہوگیا تھا۔ اس سے قبل آذربائیجان کے علاقے شوشا میں آرمینیا نے 1992 ء میں قبضہ کرلیا تھا اور مسلمانوں کو بے دخل کردیا تھا۔