یورپی یونین کے اجلاس میں کورونا پابندیاں برقرار رکھنے پر غور

215
برسلز: یورپی کونسل کے صدر چارلس مشیل رکن ممالک کے سربراہوں کے ساتھ آن لائن اجلاس میں گفتگو کررہے ہیں

برسلز (انٹرنیشنل دیسک) یورپی ممالک میں کورونا وائرس کے تناظر میں عائد کی گئی پابندیوں سے متعلق آن لائن سربراہ اجلاس کا انعقاد ہوا، جس میں عالمی وبا سے بچاؤ کے لیے عائد کی گئی پابندیاں برقرار رکھنے پر غور کیا گیا۔ خبر رساں اداروں کے مطابق یورپی کونسل کے صدر چارلس مشیل نے وڈیو لنک کے ذریعے رکن ممالک کے سربراہوں سے مختلف موضوعات پر تبادلہ خیال کیا، جن میں کورونا کی صورت حال پر خصوصی بات چیت کی گئی۔ اجلاس کے اعلامیے میں کورونا کی موجودہ صورت حال کو سنگین قرار دیا گیا ہے۔ علاوہ ازیں کورونا وائرس کی تباہ کاریوں کے نتیجے میں دنیا بھر میں ہلاکتوں کی تعداد 25 لاکھ 10 ہزار سے تجاوز کر گئی جب کہ مجموعی کیسز کی تعداد 11 کروڑ 31 لاکھ 67 ہزار سے زیادہ بتائی گئی ہے۔ امریکا میں وبا کے باعث صورت حال سب سے زیادہ خطرناک ہے جہاں 5 لاکھ 18 ہزار 363 اموات ہو چکی ہیں اور 2 کروڑ 89 لاکھ 74 ہزار سے زائد افراد متاثر ہیں۔ اُدھر جرمن چانسلر اجیلا مرکل نے ملک میں کورونا وائرس کی تیسری لہر کا خدشہ ظاہر کرتے ہوئے کہا ہے کہ لاک ڈاؤن سے بچنے کے لیے احتیاط اور سمجھ داری سے کام لینا ہوگا۔