پنجاب میں سینیٹ کے تمام امیدواربلا مقابلہ کامیاب ہوگئے

369

لاہور‘پشاور(خبر ایجنسیاں+مانیٹرنگ ڈیسک) پنجاب سے سینیٹ کی 11 نشستوں پر امیدوار بلامقابلہ کامیاب، سینیٹرزکی کامیابی کانوٹیفکیشن 3 مارچ کے بعد جاری کیاجائے گا۔پنجاب سے سینیٹ کی 11 نشستوں پر امیدوار بلامقابلہ کامیاب ہوگئے ہیں جس میں پی ٹی آئی اور (ن) لیگ کے 5، 5 جب کہ (ق) لیگ کا ایک امیدوار شامل ہے۔ سینیٹ الیکشن میں پنجاب کی تمام 11 نشستوں کے نتائج آگئے اور تمام 11 امیدوار بلا مقابلہ کامیاب ہوگئے، سینیٹرزکی کامیابی کانوٹیفکیشن 3 مارچ کے بعد جاری کیاجائے گا۔ ذرائع الیکشن کمیشن کے مطابق پنجاب سے سینیٹ کی 11 نشستوں میں سے پی ٹی آئی کے 5، مسلم لیگ (ن)کے 5 اور مسلم لیگ (ق) کا ایک امیدوار کامیاب ہوا۔پی ٹی آئی کی جانب سے اعجاز چودھری، عون عباس، سیف اللہ نیازی، زرقا تیمور اور علی ظفر سینیٹ کی نشستیں جیت گئے ہیں جب کہ مسلم لیگ (ن) کے ساجد میر، عرفان الحق، افنان اللہ خان، سعدیہ عباسی اور اعظم نذیر تارڑ اور مسلم لیگ (ق) کے کامل علی آغا کامیاب ہوئے۔واضح رہے کہ افنان اللہ خان مسلم لیگ (ن) کے سینئر رہنما اور حال ہی میں انتقال کرنے والے مشاہداللہ مرحوم کے بیٹے ہیں۔علاوہ ازیں3 مارچ کو ہونے والے سینیٹ انتخابات کے انعقاد کے شیڈول کے مطابق انتخابات میں حصے لینے کے لیے جمع کرائے گئے کاغذات نامزدگی واپس لینے کی آخری تاریخ گزشتہ روز ختم ہوگئی۔ادھرآزادحیثیت سے سینیٹ الیکشن کے لیے کاغذات جمع کرانے والی خاتون امیدوار مسرت جبین نے اپنے تجویز اورتائیدکنندہ کے دبائو پر کاغذات واپس لینے کااعلان کیاہے۔ پشاورپریس کلب میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے مسرت جبین نے کہاکہ انہوں نے آزادحیثیت سے سینیٹ الیکشن کے لیے کاغذات جمع کیے تھے جو منظوربھی ہوئے تھے ان کے تجویزاورتائیدکنندگان کا تعلق بلوچستان عوامی پارٹی سے تھا تاہم انکے ساتھ خیبرپختونخواکے ایک صوبائی وزیرکازمین تنازع چلاآرہاہے مبینہ طور پروزیر نے بلوچستان عوامی پارٹی کے رہنمائوں پر دبائوڈالا اور انہیں دھمکی دی کہ مسرت جبین کے کاغذات الیکشن کمیشن سے واپس لیے جائیں ورنہ معاملات بگڑسکتے ہیں جسکے بعد بلوچستان عوامی پارٹی کے رہنمائوں نے ان سے بذریعہ فون رابطہ کیا اور کاغذات واپس لینے کی ہدایت کی جس پر انہیں شدیدذہنی کوفت ملی۔انہوں نے اعلان کیاکہ اپنے کاغذات الیکشن کمیشن سے واپس لوں گی۔دوسری جانب الیکشن کمیشن آف پاکستان کی جانب سے خفیہ بیلٹ کے ذریعے سینیٹ انتخابات کرانیکی تیاریاں مکمل کرلی گئیں اور 3 مارچ کو سینیٹ انتخابات کے لیے ہدایات جاری کردیں۔جس کے مطابق بیلٹ پیپر حاصل کرنے کے بعد ووٹر کسی سے ملاقات نہیں کریں گے،پولنگ اسٹیشن میں موبائل فون لے جانے پر پابندی ہوگی۔