بیک چینل ڈپلومیسی کی خبریں بے بنیاد ہیں،معید یوسف

211

اسلام آباد(صباح نیوز)قومی سلامتی کے بارے میں وزیراعظم کے معاون خصوصی ڈاکٹر معید یوسف نے کہا ہے کہ علاقائی امن کے لیے سازگار ماحول قائم کرنا بھارت کی ذمے داری ہے۔انہوں نے پاک بھارت ڈائریکٹر جنرل ملٹری آپریشنز کے درمیان حالیہ بات چیت کے موقع پر اظہار خیال کرتے ہوئے کہا کہ ہم نے بارہا علاقائی امن پر زور دیا ہے۔ڈاکٹرمعید نے کہا کہ پاکستان کی کاوشوں کی بدولت ہی بھارت خطے میں امن کے لیے باہمی افہام و تفہیم پر عمل پیرا ہے۔معاون خصوصی نے کہا کہ تنازع کشمیر کو اقوام متحدہ کی متعلقہ قراردادوں کے تحت خوش اسلوبی سے حل کیا جانا چاہیے،علاوہ ازیں ایک اور بیان میں معید یوسف نے بیک چینل ڈپلومیسی سے متعلق خبروں کو بے بنیاد قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ اجیت دودل سے اس معاملے پر کوئی بات چیت نہیں ہوئی۔اجیت دودل بھارت میں مشیر برائے قومی سلامتی امور کے منصب پہ فائز ہیں۔ بھارتی وزیر اعظم نریندر مودی نے دوسری مرتبہ وزیراعظم منتخب ہونے کے بعد اجیت دودل کو مشیر بنا کر ان کا عہدہ وزیر کے مساوی کردیا تھا۔ معید یوسف نے اس ضمن میں بھارتی ذرائع ابلاغ کے پروپیگنڈے کو بے بنیاد قرار دیتے ہوئے کہا کہ پیشرفت ڈی جی ایم اوز کے درمیان بات چیت کا نتیجہ ہے۔