پاکستان اور سری لنکا کے درمیان3 معاہدوں پر دستخط

169

اسلام آباد (اے پی پی) پاکستان اور سری لنکا کے درمیان سائنس اور ٹیکنالوجی کے مختلف شعبوں میں باہمی تعاون کے 3 عمومی معاہدوں کو حتمی شکل دے دی گئی ہے۔آئی ٹی آئی سری لنکا کی جانب سے ادارے کے ڈائریکٹر جنرل ڈاکٹر رادھیکا سمارسیکرا نے جبکہ آئی سی سی بی ایس اورکامسیٹس یونیورسٹی اسلام آباد کی نمائندگی سری لنکا میں پاکستانی ہائی کمشنر میجر جنرل (ر) محمد سعد خٹک نے کی۔وزیراعظم پاکستان کی موجودگی میں مفاہمت کی یادداشتوں پر دستخط کیے گئے۔3 عمومی معاہدوں کو حتمی شکل ملنے کے بعدگزشتہ روز کامسیٹس کے ایگزیکٹو ڈائریکٹر ڈاکٹر ایس ایم جنید زیدی نے ان معاہدوں کی تفصیلات سے آگاہ کرتے ہوئے میڈیا کوبتایا کہ آئی ٹی آئی ، سری لنکا اور آئی سی سی بی ایس پاکستان کے مابین مفاہمت کی اِن یادداشتوںمیں قدرتی مصنوعات، دوائوں کے استعمال میں آنے والے پودوں کی کیمسٹری ، فوڈ کیمسٹری ،بائیوٹیکنالوجی ،نینو ٹیکنالوجی ،خطہ منطقہ حارہ (گرم علاقوں) کی بیماریوں پرتحقیق اور تجزیاتی خدمات کے شعبوں میں تعاون کے لیے ایک پلیٹ فارم مہیا کیا جائے گا۔ مفاہمت کی 3 یادداشتوں کے تحت فریقین وظائف ،طویل اور قلیل مدتی فیلوشپس ،جدید آلات سے متعلق تربیت ،طلبہ کی مشترکہ نگرانی ،ادارہ جاتی ورکشاپس کا انعقاد ، تحقیق کرنے والے سائنسدانوں اور فیکلٹی ممبران کے تبادلوں کے سلسلے میں تعلیمی اور تحقیقی سطح پرتعاون بھی فراہم کریں گے۔ علاوہ ازیں مطبوعات ،تجزیاتی خدمت ،لیبارٹریوں کا قیام بھی عمل میں لایا جائے گا۔