این اے 75 ضمنی انتخاب، چیف سیکرٹری پنجاب اور آئی جی پنجاب پولیس الیکشن کمیشن طلب

438

اسلام آباد:الیکشن کمیشن آف پاکستان نے چیف سیکرٹری پنجاب اور آئی جی پنجاب پولیس کو این اے 75 سیالکوٹ کے ضمنی انتخابات کے دوران  اپنے  فرائض سے غفلت برتنے پر 4 مارچ کو ذاتی حیثیت میں طلب کرلیا ہے۔

الیکشن کمیشن نے کمشنر گوجرانوالہ ڈویژن اور آر پی او گوجرانوالہ رینج کو  ان کے موجودہ عہدوں سے تبدیل کر کے گوجرانوالہ ڈویژن سے باہر بھیجنے کی ہدایت کر دی۔ الیکشن کمیشن نے اسٹبلشمنٹ ڈویژن کو حکم دیا ہے کہ ڈپٹی کمشنر  سیالکوٹ ‘ ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر سیالکوٹ اور اسسٹنٹ کمشنر کو معطل کیا جائے۔

 الیکشن کمیشن نے  وفاقی حکومت اور پنجاب حکومت کو بھی حکم دیا ہے کہ  ڈپٹی کمشنر سیالکوٹ ذیشان جاوید لاشاری ‘ ڈی پی او سیالکوٹ  حسن اسدعلوی ‘ اسسٹنٹ کمشنر ڈسکہ آصف حسین ‘ ڈی ایس پی سمبڑیال ذوالفقار ورک  اور ڈی ایس پی ڈسکہ محمد رمضان کمبوہ کو معطل کیا جائے اور ان کو آئندہ کیلئے  کسی الیکشن ڈیوٹی پر مامور نہ کیا جائے۔

 ترجمان الیکشن کمیشن کے مطابق  ان تمام افسران کے خلاف الیکشن کمیشن خود انکوائری کرے گا یا وفاقی  و صوبائی حکومت کو انکوائری کرانے کا حکم دے گا جس کا فیصلہ بعد میں کیا جائے گا۔