جوبائیڈن نے ڈونلڈ ٹرمپ کا ویزا پابندی کا حکم نامہ منسوخ کردیا

310

واشنگٹن: امریکی صدر جو بائیڈن نے سابق صدرڈونلڈ ٹرمپ کے امریکی شہریوں اور رہائشیوں کے اہل خانہ اور متنوع لاٹری ویزا حاصل کرنیوالوں کے لئے قانونی امیگریشن پر عائد پابندی کے انتظامی فیصلے کو منسوخ کردیا ہے۔

غیر ملکی میڈیا کے مطابق امریکی صدر جوبائیڈن نے ٹرمپ کے اس فیصلے کو منسوخ کردیا ہے جس میں سابق صدر نے امریکا میں داخلے کے لیے گرین کارڈز کی درخواستوں پر پابندی عائد کی تھی۔

وائٹ ہاؤس کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہےکہ صدر جوبائیڈن نے ایک ایگزیکٹو آرڈر کے ذریعے ٹرمپ کے فیصلے کو منسوخ کیا اور صدارتی حکم میں کہا گیا ہے کہ ٹرمپ کی جانب سے عائد پابندی نے فیملیوں کو علیحدہ کیا جو امریکی مفادات کو آگے بڑھانے کے لیے درست نہیں۔

خیال رہے کہ  سابق صدر ٹرمپ کی انتظامیہ نے یہ فیصلہ امریکا میں کورونا کے سبب بڑھنے والی شدید بیروزگاری کی وجہ سے امریکیوں کی نوکریوں کو محفوظ بنانے کے لیے کیا گیا ہے۔

بائیڈن نے ایک بیان میں کہا کہ سابق صدرڈونلڈ ٹرمپ کے گرین کارڈ درخواست دہندگان اورغیر ملکی عارضی کارکنوں کوروکنے کے حکم سے امریکی مفادات کو آگے نہیں بڑھایا جاسکتا۔   بائیڈن نے کہا کہ  اس کے برعکس  اس سے امریکہ کو نقصان ہوا اور امریکی شہریوں کے کچھ اہل خانہ اورقانونی طور پر مستقل رہائشیوں کے یہاں مقیم ان کے خاندانوں سے ملاپ کوروکا گیا۔

امریکی صدر نے کہا کہ اس سے امریکی صنعتوں کوبھی نقصان پہنچا جوپوری دنیا سے باصلاحیت افرادسے استفادہ کرتی ہیں۔اس سے ان افراد کوبھی نقصان ہواجنہیں یہ موقع حاصل کرنے کے لئے درخواست دینے کے لئے منتخب کیاگیا اور اس کے ساتھ انہیں بھی نقصان ہوا جنہوں نے مالی سال2020 کے متنوع لاٹری ویزا پروگرام کے ذریعے امیگرنٹ ویزا حاصل کیا تھا۔