کراچی کے پہلے سٹی ناظم نعمت اللہ خان کا آج یومِ وفات

570

کراچی کے پہلے سٹی ناظم اور سابق امیر جماعت اسلامی نعمت اللہ خان کا آج پہلا یومِ وفات ہے۔

نعمت اللہ خان 25 فروری 2020 کو کراچی میں 90 سال کی عمر میں انتقال کرگئے تھے۔ وہ طویل عرصے سے صاحب فراش تھے۔ نعمت اللہ خان نے 7بیٹے اور 2 بیٹیاں سوگوار چھوڑیں۔

سابق میئر کراچی عبدالستار افغانی کے بعد نعمت اللہ خان ایڈووکیٹ نے بحیثیت سٹی ناظم کراچی کو پھر سے روشنیوں اور امن کا شہر بنایا۔ شہر قائد کی تعمیر و ترقی میں مثالی کردار ادا کیا۔

نعمت اللہ خان کراچی اور قومی سطح پر ایک متحرک، فعال اور معروف دینی و سیاسی اور سماجی شخصیت اور ضلعی نظامت کے دوران لازوال خدمات کے سبب ’’محسن کراچی ‘‘ کہلائے۔

1985ء کے عام انتخابات میں ناظم آباد کے حلقہ سے صوبائی اسمبلی کے رکن منتخب ہوئے، اسمبلی میں کراچی کے حقوق کے لیے مسلسل آواز بلند کرتے رہے۔

دسمبر1991ء سے جولائی2001ء تک جماعت اسلامی کراچی کے امیر رہے اور الخدمت ویلفیئر سوسائٹی کے صدر اور سرپرست بھی رہے۔

اگست 2001ء سے اگست 2005ء تک کراچی کے پہلے سٹی ناظم رہے اور شہر کے لیے بے مثال ترقیاتی کام کیے اور یہ عرصہ کراچی کا سنہرا دور قرارپایا۔

اکتوبر 2005 ء کے زلزلے کے بعد اس وقت کے امیر جماعت اسلامی قاضی حسین احمد نے انہیں الخدمت فاونڈیشن کا مرکزی صدر مقرر کیا۔

نعمت اللہ خان 1997-98ء میں جماعت اسلامی صوبہ سندھ کے نائب امیر بھی مقرر کیے گئے، اس ذمے داری پر رہتے ہوئے انہوں نے ٹھٹھہ اور تھرپارکر میں دعوتی و فلاحی اور عوامی خدمت کے کاموں کومنظم کیا۔

نعمت اللہ خان طویل عرصے سے ہائی بلڈ پریشراور ذیابیطس جیسی بیماریوں میں مبتلا تھے لیکن انہوں نے اپنی بیماریوں اور بڑھاپے کو کبھی کام کی راہ میں رکاوٹ بننے نہیں دیا۔