سندھ اسمبلی کا اجلاس آج ہوگا ، حلیم عادل کے پروڈکشن آرڈر جاری

253

کراچی(نمائندہ جسارت)سندھ اسمبلی کا اجلاس آج صبح 10بجے سندھ اسمبلی بلڈنگ میں ہوگا، اجلاس کی تیاریاں مکمل کرلی گئی ہیں ، سندھ اسمبلی کے اسپیکر نے اپوزیشن لیڈر حلیم عادل شیخ کے اسمبلی اجلاس میں شرکت کے لیے پروڈکشن آرڈر بھی جاری کردیے ہیں،جس کی وجہ سے اجلاس ہنگامہ خیز ہونے کا امکان ہے ۔اجلاس میں نومنتخب ارکان کی حلف برداری ہوگی، پیپلز پارٹی کے 2نو منتخب ارکان سندھ اسمبلی حلقہ پی ایس 88 ملیر کراچی سے محمد یوسف بلوچ اور حلقہ پی ایس 43 سانگھڑ سے جام شبیر علی خان حلف اٹھائیںگے۔ ایجنڈے میں صوبائی موٹر وہیکل ترمیمی بل 2021ءبھی شامل ہے۔دوسری جانب سندھ اسمبلی کے اسپیکر آغا سراج درانی نے اپوزیشن لیڈر حلیم عادل شیخ کے اسمبلی اجلاس میں شرکت کے لیے پروڈکشن آرڈر جاری کردیے ہیں جس کے نتیجے میں وہ جمعرات سے شروع ہونے والے سندھ اسمبلی کے اجلاس میں شرکت کریں گے۔اپوزیشن لیڈر اس وقت زیر حراست ہیں اور انہیں پولیس کے پہرے میں اسپتال سے جہاں وہ زیر علاج ہیں سندھ اسمبلی لایا جائے گا۔قائد حزب اختلاف حلیم عادل شیخ کی گرفتاری ، سینیٹرل جیل میں مبینہ حملے اور سی آئی اے سینیٹر میں ان کے کمرے میں 4 فٹ لمبا کوبرا سانپ چھوڑنے کے تنازعات کے بعد اجلاس ہنگامہ خیز ہونے کا امکان ہے۔