سندھ میں حلقہ بندی اور بلدیاتی انتخابات ،سماعت 11 مارچ تک ملتوی

315

کراچی(نمائندہ جسارت) سندھ ہائی کورٹ نے سندھ میں حلقہ بندی اور بلدیاتی انتخابات کرانے کے معاملے کی سماعت 11 مارچ تک ملتوی کردی۔ سندھ ہائیکورٹ میں سندھ میں حلقہ بندی اور بلدیاتی انتخابات سے متعلق درخواست کی سماعت ہوئی جہاں ادارہ شماریات
کے وکیل کا کہناتھا کہ عدالت عظمیٰ نے حال ہی میں احکامات دیے ہیں، عدالت عظمیٰ میں سندھ حکومت کے سوا تمام صوبوں نے جواب جمع کرایا، عدالت عظمیٰ نے جواب مانگا ہے بروقت بلدیاتی الیکشن کیوں نہیں ہوئے، جسٹس محمد علی مظہر کا کہنا تھا کہ مردم شماری نتائج کے نوٹیفکیشن کا کیا ہوا؟۔ سی سی آئی کے نمائندے کا کہنا تھا کہ نوٹیفکیشن 24 کو جاری کردیا جائے گا، عدالت نے ایم کیوایم کے وکیل سے استفسار کیا کہ آپ نے مردم شماری سے متعلق درخواست عدالت عظمیٰ میں بھی دائر کررکھی ہے، آپ کلائنٹ سے پوچھ کر بتائیں آپ کیا چاہتے ہیں، ایک جیسی درخواستیں دو عدالتوں میں کیوں چلارہے ہیں؟ عدالت نے آئندہ سماعت پر مردم شماری کے نوٹیفکیشن سے متعلق رپورٹ طلب کرتے ہوئے سماعت 11 مارچ تک ملتوی کردی۔