تجاوزات کیخلاف بلاتفریق آپریشن کیا جائے، ڈپٹی کمشنر بدین

173

بدین(نمائندہ جسارت) نہروں اور سیم نالوں کے پشتوں سے تجاوزات کو ہٹانے کے لیے بلا تفریق آپریشن جاری رکھا جائے۔آپریشن سے قبل پشتوں پر قائم تجاوزات اور تعمیرات پرنشان لگا کر حدود کا تعین کر کے قابض افراد کو نوٹس جاری کیاجائے۔ ان خیالات کا اظہار ڈپٹی کمشنر بدین سید اعجاز علی شاہ نے تجاوزات کیخلاف جاری آپریشن کے جائزہ اجلاس کے دوران متعلقہ افسران کو ہدایت جاری کرتے ہوئے کیا۔ اجلاس میں ایس ایس پی ، اسسٹنٹ کمشنرز ، مختیار کاروں، محکمہ آبپاشی اور متعلقہ محکموں کے افسران نے شرکت کی ۔سید اعجاز علی شاہ نے کہ آپریشن سے قبل قابضین کو نوٹس جاری کیے جائیں اور روزانہ کی بنیاد پر تصویر سمیت رپورٹس پیش کی جائےں اور خیال رکھا جائے کہ کسی سے زیادتی نہ ہو۔دوسری جانب چھوٹے قصبوں اور دیہاتوں کے مکینوںنے الزام عاید کیا ہے کہ آپریشن صرف دیہی علاقوں اور چھوٹے قصبوں میں کیا جا رہا ہے جبکہ شہروں میں جہاں نہروں اور ڈرینج سسٹم کے کناروں اور پشتوں پر بنگلے ،گھر ،دکانیں ،مارکیٹ اور دیگر تعمیرات موجود ہےںجہاںپرسیاسی مداخلت کے باعث آپریشن نہیں کیا جا رہا۔دوسری جانب میر نور احمدتالپور اور مصطفی ایاز مہری نے بے گھر ہونے والے متاثرین کومتبادل پلاٹ دینے کا اعلان کیا ہے ۔جماعت اسلامی ضلع بدین کے امیر علی مردان شاہ اور سابق امیر غلام رسول حمدانی نے متاثرین کی شکایات اور الزامات پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ ڈپٹی کمشنر اچھی شہرت رکھتے ہیں ان کے ہوتے ہوئے کسی سے زیادتی نہیں ہونی چاہے۔ انہوں نے متاثرین کو متبادل جگہ اور نقصان کے ازالے کا بھی مطالبہ کیا۔