ٹنڈوالہٰیار، اچانک آگ لگنے سے تین گھر خاکستر

184

ٹنڈوالہٰیار (نمائندہ جسارت) عمر ساند تھانے کی حد میں عثمان شاہ ہری کے قریب اچانک آگ لگنے کے سبب تین گھر جل کر خاکستر ہوگئے، گھروں کو آگ لگنے کے سبب مزدور افراد کا گھر میں موجود سامان جل کر راکھ ہوگیا، متاثرین نے رات آسمان تلے گزاری۔ عثمان شاہ ہری کے قریب واقعے درگاہ عثمان شاہ کے قریب ساہیوال برادری اور ہلو برادری کے افراد کے تین گھر جل کر خاکستر ہوگئے جبکہ دوسری جانب دونوں برادریوں کی جانب سے مذکورہ پلاٹ کے مالک ہونے کا دعویٰ کرتے ہوئے سید برادری کے افراد پر الزام عائد کیا کہ وہ پلاٹ پر قبضے کے لیے آگ لگوائی گئی ہے، جس کے بعد ساہیوال برادری اور ھلو برادری کے سیکڑوں افراد نے ٹنڈوآدم روڈ پر ٹائر نذر آتش کرکے احتجاجی مظاہرہ کیا، مظاہرین نے کہا کہ سید برادری پلاٹ پر قبضہ کرنا چاہتی ہے، جس کی وجہ سے آگ لگوائی گئی ہے، احتجاج کے سبب ٹنڈو آدم کی مین شاہراہ بند ہونے کے سبب اسسٹنٹ کمشنر جھنڈو مری اختر شیخ، ایس ایچ او اور پاکستان تحریک انصاف کے ضلعی صدر ایڈووکیٹ علی پلھ مظاہرین کے پاس پہنچ کر مظاہرین سے کامیاب مذاکرات کرکے احتجاج ختم کروا دیا اور مذکورہ واقعے کی تحقیقات ک نے اور پلاٹ کے معاملے کو دیکھنے کے لیے ایک کمیٹی بنا دی گئی جو کہ دس روز میں تحقیقات کر کے اپنی رپورٹ اسسٹنٹ کمشنر کو پیش کرے گی۔