سودی معیشت کیخلاف کل عوامی جلسہ ہوگا ،قیصر شریف

216

لاہور (نمائندہ جسارت) سیکرٹری اطلاعات جماعت اسلامی پاکستان قیصر شریف نے کہاہے کہ مہنگائی اور بے روزگاری اور سودی معیشت کے خلاف 26 فروری کو بہاولپور میں بھر پور عوامی جلسہ ہوگا۔ امیر جماعت اسلامی سینیٹر سراج الحق جلسہ عام سے کلیدی خطاب کریں گے اور قبل ازیں مہنگائی کے خلا ف مارچ کی قیادت کریں گے ۔انہوں نے کہاکہ پی ٹی آئی حکومت کی عوام دشمن پالیسیوں کے خلاف جاری تحریک کے تحت مختلف شہروں میں کامیاب جلسے منعقد ہو چکے ہیں ۔ حکومت کو مجبور کریں گے کہ وہ عوام کو ریلیف دے یا گھر جائے ۔ انہوں نے کہاکہ سینیٹرسراج الحق جنوبی پنجاب کے دو روزہ دورہ کے دوران بہاولپور میں جلسہ عام سے خطاب کے بعد ملتان میں بھی عوامی وفود و پارٹی کارکنان سے ملاقاتیں کریں گے اور آئندہ کے لائحہ عمل سے متعلق مشاورت کی جائے گی ۔ انہوںنے کہاکہ جماعت اسلامی کو جنوبی پنجاب کے عوام کی محرومیوں کا مکمل ادراک ہے عوام کو ان کا حق دلا کر دم لیں گے۔