حکومت کو 3 سال ہوگئے ملک و قوم کی حالت ابتر ہوچکی ہے ،نصراللہ رندھاوا

154

اسلام آباد (نمائندہ جسارت)امیر جماعت اسلامی اسلام آباد نصر اللہ رندھاوا نے کہا ہے کہ وزیر اعظم عمران خان الیکشن سے پہلے کہتے تھے ہمیں سو دن دے دیں ملک و قوم کی تقدیر بدل دیں گے، اب اقتدار میں آئے تین سال ہو گئے ہیں مگر ملک اور قوم کی حا لت پہلے سے بھی ابتر ہو چکی ہے ، مہنگائی اور بے روز گاری کی وجہ سے غریب کا چولہا بجھ گیا ہے اور عام آدمی کے گھر میں فاقہ کشی کی نوبت آگئی ہے۔انہوں نے کہا آٹا ، چینی چوروں کو کابینہ میں بیٹھا کر کر پشن کے خا تمے کا اعلان چور مچائے شور کے مترادف ہے ۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے دفتر جماعت اسلامی میں ضلعی نظم کے اجلاس سے خطاب کر تے ہو ئے کیا ۔ نصراللہ رندھاوا نے کہا وزیر اعظم صبح شام مہنگائی کم ہونے اور پاکستانی معیشت کے اوپر اٹھنے کے دعوے کرکے عوام کے زخموں پر نمک پاشی کررہے ہیں، اگر حکومت نے عوام کو ریلیف اور اپنے وعدوں اور دعوئوں پر عمل کیا ہوتاتو آج لاکھوں لوگ ان نااہل حکمرانوں سے نجات کیلیے سراپا احتجاج نہ ہوتے۔انہوں نے کہا سینیٹ اور ضمنی انتخابات میں حکومتی رویہ ، مداخلت اور قتل و غارت گری نے انتخابی نظام کو مکمل طور پر بے نقاب کردیا ہے ، اگر سیاسی جماعتیں قومی و صو بائی اسمبلی کے الیکشن کے موقع پر آئین کے آرٹیکل 62پر پورا اُترنے والے افراد کو ٹکٹ نہیں دیںگی تو پھر انہیں اسی طر ح اپنے ممبران کے بک جا نے کا خوف لگا رہے گا۔انہوں نے کہا ایوان بالا کے ممبران کے چنائو کے حوالے سے ممبران اسمبلی کی خرید و فروخت انتہائی شر مناک ہے۔