روسی لڑاکا طیاروں کی خریداری پر مصر کو امریکی انتباہ

347

واشنگٹن (انٹرنیشنل ڈیسک) امریکا نے روس سے لڑاکا طیارے خریدنے کے معاملے پر مصر کو باضابطہ طور پر تشویش سے آگاہ کردیا۔ امریکی وزیر خارجہ انتھونی بلنکن نے مصری ہم منصب سامح شکری سے ٹیلی فون پر گفتگو میں روسی طیاروں کی خریداری کا معاملہ اٹھایا۔ امریکی محکمہ خارجہ کے ترجمان نیڈ پرائس نے ایک بیان میں کہا ہے کہ وزیر خارجہ نے مصر کے روس سے ایس یو35 سوخوئی لڑاکا طیارے خرید نے پر تشویش ظاہر کی۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ امریکا نے مصر کو اس حوالے سے انتباہ بھی دیا۔ واضح رہے کہ مصر کے علاوہ ترکی پربھی امریکا دباؤ ڈال رہا ہے کہ وہ روس سے لڑاکا طیارے نہ خریدے۔ اگر یہ دونوں ممالک یا امریکا کا کوئی اور اتحادی روس سے لڑاکا طیارے خریدتا ہے، توان کے خلاف پابندیوں کا امریکی نظام فعال ہو جائے گا اور ان پر پابندیاں عائد کردی جائیں گی۔ بلنکن نے سامح شکری سے گفتگو میں امریکااور مصر کے درمیان مضبوط تزویراتی شراکت کی اہمیت پر بھی روشنی ڈالی، بالخصوص انہوں نے سلامتی اور انسداد دہشت گردی کی کارروائیوں میں تعاون سمیت مختلف علاقائی امورپر تبادلہ خیال کیا۔ نیڈ پرائس کا کہنا تھا کہ دونوں وزرائے خارجہ نے لیبیا میں اقوام متحدہ کی زیرنگرانی امن بات چیت اور مشرقِ وسطیٰ امن عمل کے بارے میں بھی گفتگو کی۔ دوسری جانب امریکی فضائیہ نے ایف 35 لڑاکا طیارے کی ناکامی کا اعتراف کرلیا۔ امریکی میگزین فوربز کے مطابق امریکی فضائیہ کے چیف آف اسٹاف جنرل چارلس براؤن کا کہنا ہے کہ ایف 35 کو جن مقاصد کے لیے بنایا گیا تھا، وہ حاصل نہ کرسکا۔ انہوں نے کہا کہ یہ مہنگا طیارہ ہے، جس کی مرمت پر بھی کثیر رقم خرچ ہوتی ہے۔