سعید آباد میں کیمیکل گودام بچوں کی زندگیاں چھین رہاہے، ثمینہ آرائیں

174

نواب شاہ ( نمائندہ جسارت)سات ماہ قبل زہریلے کیمیکل کی وجہ سے 4معصوم بچوںکی ہلاکت کی رپورٹ لیکر بچوںکی پھوپھی ثمینہ آرائیں حیدرآبادپریس کلب پہنچ گئیں۔ ثمینہ آرائیں نے صحافیوںکو بتایا کہ پرانا نواب شاہ کے محلہ سعیدآباد کے رہائشی میرے بھائی فیضان آرائیں کے گھر میں زہریلی دوا کے اثرات سے 6 ماہ کا شاہ زین اور 8 سالہ زہرا فاطمہ کی جاںبحق ہوگئی تھیںجبکہ 2017 میں گھر سے منسلک زرعی ادویات کے گودام سے زہریلی مادے کے اخراج سے سردار آرائیں کے 2 بچوں اور فیضان اور نور فاطمہ کا بھی دم گھنے کے سبب انتقال ہوگیا تھا۔ ثمینہ آرائیں نے بتایا کہ میڈیکل رپورٹ کے مطابق زہرہ فاطمہ کی موت کیڑے مار ادویات میں استعمال ہونے والے فاسفیٹک زہر کی وجہ سے ہوئی ۔ انہوںنے خدشہ ظاہر کیا ہے کہ زہرہ فاطمہ،6ماہ کے شاہ زین اور سردارآرائیں کے بھی دو معصوم بچوں کی موت کیڑے مار ادویات کے گودام سے خارج ہونے والے زہریلے مادے سے ہوئی ہے۔انہوںنے چیف جسٹس سندھ ہائیکورٹ،آئی جی سندھ اور ایس ایس پی شہید بینظیرآباد سے مطالبہ کیا ہے کہ معصوم بچوں کی ہلاکتوں کے واقعات کی تحقیقات اورملزمان کے خلاف سخت کارروائی کی جائے۔