سندھ اسمبلی، پی ٹی آئی نے آئی جی سندھ کو ہٹانے کی قرارداد جمع کرادی

386

کراچی(نمائندہ جسارت)پاکستان تحریک انصاف کے اراکین سندھ اسمبلی نے سندھ میں پی ٹی آئی کارکنان کو سیاسی انتقامی کارروائیوں کا نشانہ بنانے پر آئی جی سندھ کو برطرف کرنے کے لیے قرارداد جمع کرا دی۔ قرارداد اراکین سندھ اسمبلی خرم شیر زمان، بلال غفار، جمال صدیقی ،شہزاد قریشی، رابستان خان، ڈاکٹر سنجے، ڈاکٹر سیما ضیا، ادیبہ عارف حسن، دعا بھٹونے سیکرٹری سندھ اسمبلی کو جمع کرائی۔ بعد ازاں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے پاکستان تحریک انصاف کراچی کے صدر و رکن سندھ اسمبلی خرم شیر زمان کا کہنا تھا کہ پیپلز پارٹی صوبہ سندھ کو پولیس اسٹیٹ بنانا چاہتی ہے، صوبے کے حالات بد سے بد تر ہوتے جارہے ہیں، پیپلز پارٹی سندھ کی پولیس کو اپنے ذاتی کاموں کے لیے استعمال کررہی ہے ، پیپلز پارٹی تصادم کی طرف جانا چاہتی ہے۔ سندھ حکومت کو غلامی کرنے والا آئی جی چاہیے ۔ آئی جی سندھ مشتاق مہر کو ہم نے آئی جی اس لیے لگایا تھا کہ ہم امید کررہے تھے کہ سندھ کے حالات بہتر ہونگے۔ آئی سندھ اپنے بنیادی فرائض انجام دینے کے بجائے سندھ حکومت کو سہولیات فراہم کرنے میں لگے ہوئے ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ اگر پیپلز پارٹی سچی ہے تو یہ قرارداد کل اسمبلی کے اجلاس میں ضرور زیر بحث آئے گی ۔