غیر قانونی الاٹمنٹ، قائم علی شاہ طلب، بیان ریکارڈ کرانے کا حکم

327

کراچی(نمائندہ جسارت)بروہی اسکیم کے نام پر زمین کی غیرقانونی الاٹمنٹ کا الزام، سندھ ہائیکورٹ نے قائم علی شاہ کو پیش ہوکر بیان ریکارڈ کرانے کا حکم دے دیا۔ سندھ ہائیکورٹ میں سابق وزیر اعلیٰ سندھ قائم علی شاہ کی دوسری نیب انکوائری میں درخواست ضمانت کی سماعت ہوئی جہاں قائم علی شاہ کے وکیل بیرسٹر ضمیر احمد گھومرو نے عدالت سے معافی مانگ لی ،ان کا کہناتھا کہ گزشتہ روز جو کچھ ہوا اس پر معافی چاہتا ہوں، قائم علی شاہ کی بیٹی کا انتقال ہوا ہے ان کو خیر پور سے پیش ہونے کے لیے آنا پڑا، نیب سے تحقیقات میں مکمل طور پر تعاون کے لیے تیار ہیں، نیب پراسیکیوٹر کا کہنا تھا کہ قائم علی شاہ کو سوالات ارسال کیے تھے،تفتیشی ٹیم نے قائم علی شاہ کا بیان ریکارڈ کرنا ہے، پیش ہونے کا حکم دیا جائے، 43 ایکڑ زمین غیر قانونی طور الاٹ کی تھی، عدالت نے قائم علی شاہ کو پیش ہوکر بیان ریکارڈ کرانے کا حکم دیتے ہوئے سابق وزیر اعلیٰ کی عبوری ضمانت میں 7 اپریل تک توسیع کردی۔