کتے کے کاٹنے پر ایم پی اے معطل کیا جائے ،سندھ ہائی کورٹ

197

سکھر(آن لائن ) سندھ ہائی کورٹ کا بڑا فیصلہ،جس علاقے میں کتے کے کاٹنے کاواقعہ پیش آئے گا اس علاقے کا ایم پی اے معطل ہوگا،معطل ایم پی اے سینیٹ انتخابات میں ووٹ بھی نہیں دے سکے گا ،عدالت عالیہ کے احکامات ۔سندھ ہائی کورٹ سکھر بینچ کے ڈبل بینچ نے سندھ میں سگ گزیدگی کے بڑھتے ہوئے واقعات کے خلاف داخل آئینی پٹیشن کی سماعت کی ۔سماعت کے دوران عدالت عالیہ نے سندھ بھر سے بلدیہ ،روینیواور پولیس افسران کی جانب سے سگ گزیدگی کے واقعات اور کتا مار مہم کے حوالے سے پیش کردہ رپورٹس پر عدم اطمینان کا اظہار کیا اور ریمارکس دیے کہ میونسپل افسران کتا مار مہم چلانے میں ناکام رہے ہیں ۔اگر اب کوئی واقعہ پیش آیا توسیکرٹری لوکل گورنمنٹ کو ہدایت دیتے ہیں کہ وہ اس میونسپل افسر کی تنخواہ بند کرے اور اسے سرپلس کردے ۔عدالت عالیہ نے اس موقع پر انتباہ دیا کہ اب جس علاقے میں کتے کے کاٹنے کا واقعہ پیش آئے گا اس علاقے کے ایم پی اے کو معطل کیا جائے گا جس پر وہاں پر موجود سرکاری وکیل نے کہا کہ سگ گزیدگی کے واقعات سے ایم پی ایز کا کوئی تعلق نہیں ہے جس پر عدالت عالیہ نے ریمارکس دیے کہ ہمیں پتاہے کہ کتا مار مہم کے حوالے سے آنے والے فنڈز میں سے کسے کمیشن دیا جاتاہے ،ہمارا منہ نہ کھلوایاجائے تو بہتر ہوگا، عوام کا تحفظ کرنا ایم پی ایز کا فرض ہے اب جس حلقے میں واقعہ پیش آئے گا اس علاقے کا ایم پی اے سینیٹ الیکشن میں اپنا ووٹ بھی کاسٹ نہیں کرسکے گا ۔عدالت عالیہ نے احکامات جاری کیے کہ لوگوں کا تحفظ ہرصورت یقینی بنایاجائے بعد ازاں عدالت نے سماعت 16مارچ تک ملتوی کردی۔