پنجاب میں غریبوں کو 27لاکھ روپے میں گھر فراہم کرنیکا معاہدہ

391

لاہور (نمائندہ جسارت) بزدار حکومت کی جانب سے بے گھر افراد کے لیے بڑی خوشخبری،ایل ڈی اے سٹی نیا پاکستان اپارٹمنٹس کی تعمیر کے لیے ایک اور سنگ میل عبور،ایل ڈی اے اور بینک آف پنجاب کے درمیان 4ہزار اپارٹمنٹس کی تعمیر کے لیے تاریخ ساز معاہدہ طے پا گیا، 10ارب روپے کی لاگت سے 800کنال اراضی پر 4ہزار اپارٹمنٹس تعمیر کیے جائیں گے،معاہدے کے تحت بینک آف پنجاب ایل ڈی اے سٹی نیا پاکستان اپارٹمنٹس کے لیے مالی وسائل مہیا کرے گا،وزیراعلی آفس میں منعقدہ تقریب میں4ہزار اپارٹمنٹس کی تعمیر کے لیے معاہدے پر دستخط کیے گئے۔ وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار تقریب کے مہمان خصوصی تھے ۔ایل ڈی اے کی جانب سے ڈائریکٹر جنرل ایل ڈی اے احمد عزیز تارڑ جبکہ بینک آف پنجاب کے صدر ظفر مسعود نے معاہدے پر دستخط کیے ۔ معاہدے کے مطابق لاہور ڈیولپمنٹ اتھارٹی اپارٹمنٹس تعمیر کرے گی اوراپارٹمنٹس کی الاٹمنٹ کے لیے شفاف طریقے سے قرعہ اندازی ایل ڈی اے کی ذمے داری ہوگی- اپارٹمنٹس کا قبضہ دینے کے بعد عمارتوں اور انفرااسٹرکچر کی دیکھ بھال ایل ڈی اے کرے گا۔ بینک آف پنجاب الاٹمنٹ کے لیے درخواستیں وصول کرے گا۔اس منصوبے کے لیے مہیا کی جانے والی رقم کسی اور مقصد یا منصوبے پر خرچ نہیں ہوسکے گی،وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے معاہدے پر دستخط کی تقریب کے موقع پر کہاکہ کم آمدنی والے لوگوں کو سہولت مہیا کرنے کے لیے اپارٹمنٹ کی قیمت تقریباً27لاکھ روپے رکھی گئی ہے ۔میں اس ضمن میں وائس چیئر مین ایل ڈی اے ایس ایم عمران کی کاوشوں کو سراہتا ہوںجنہوں نے اپارٹمنٹ کی قیمت کم کرنے کے لیے دن رات محنت کی، اپارٹمنٹس خریدنے کے خواہشمند افراد کے لیے نیا پاکستان ہائوسنگ اتھارٹی کی طرف سے 3 لاکھ روپے کی سبسڈی اورقومی بینکوں کی طرف سے اسلامی بینکاری (تکافل)کے اصولوں کے تحت آسان شرائط پر قرضے فراہم کیے جائیں گے۔مارگیج فنانسنگ کی سہولت فراہم کرنے کی خاطر 7 بینکوں کا کنسورشیم قائم کر دیا گیا ہے ، ان بینکوں میں پنجاب بینک،حبیب بینک،فیصل بینک،بینک الفلاح، یوبی ایل، میزان بینک اور نیشنل بینک شامل ہیں۔وزیراعلیٰ آفس میں منعقد ہونے والی تقریب میں صوبائی وزیر ہائوسنگ میاں محمود الرشید، اراکین پنجاب اسمبلی سعدیہ سہیل رانا، عمرآفتاب، وائس چیئرمین ایل ڈی اے ایس ایم عمران، وائس چیئرمین واسا شیخ امتیاز،سیکرٹری ہائوسنگ، سیکرٹری اطلاعات،بینک آف پنجاب کے حکام،چیف انجینئر ایل ڈی اے ، ڈائریکٹر ایل ڈی اے سٹی،ڈی جی پی آر اور متعلقہ حکام نے شرکت کی۔