نااہلی کیخلاف پی ٹی آئی اور متحدہ امیدوار عدالت پہنچ گئے‘الیکشن کمیشن سے جواب طلب

82

کراچی/ کوئٹہ/ لاہور (اسٹاف رپورٹر+ نمائندہ جسارت+ مانیٹرنگ ڈیسک) پی ٹی آئی اور ایم کیو ایم رہنماؤں نے سینیٹ الیکشن میں نااہلی کا الیکشن ٹربیونل کا فیصلہ چیلنج کر دیا، ۔ سندھ ہائیکورٹ نے سیف اللہ ابڑو اور رؤف صدیقی کی درخواستیں سماعت کے لیے منظور کرلیں۔پی ٹی آئی رہنما سیف اللہ ابڑو نے درخواست میں مؤقف اپنایا کہ الیکشن ٹربیونل نے حقائق کو نظر انداز کیا، ٹیکنو کریٹ کی تشریح پر پورا اترتا ہوں، الیکشن ٹربیونل کا فیصلہ کالعدم قرار دیا جائے، سینیٹ الیکشن میں حصہ لینے کی اجازت دی جائے۔ ایم کیو ایم رہنما رؤف صدیقی نے درخواست میں کہا کہ سینیٹ الیکشن لڑنے کی اجازت دی جائے۔ ریٹرنگ افسر نے روف صدیقی کے ٹیکنو کریٹ پر کاغذات مسترد کر دیے تھے۔ الیکشن ٹربیونل نے ریٹرننگ افسر کے فیصلے کو برقرار رکھا تھا۔ عدالت نے الیکشن کمیشن اور دیگر کو نوٹس جاری کرتے ہوئے فریقین سے 25 فروری تک جواب طلب کرلیا ہے۔ ادھرپنجاب میں خواتین کی نشستوں پر مسلم لیگ ن کی سعدیہ عباسی اور پی ٹی آئی کی ڈاکٹر زرقا بلامقابلہ کامیاب ہو گئی ہیں۔جبکہ ٹیکنوکریٹ کی دونوں نشستوں پر بھی مسلم لیگ ن کے اعظم نذیر تارڑ اور پی ٹی آئی کے سیدعلی ظفر بلامقابلہ کامیاب ہو گئے ہیں۔صوبے میں 11 نشستوں پر 22 امیدوار آمنے سامنے ہیں۔ الیکشن کمیشن سندھ نے سینیٹ امیدواروں کی نظر ثانی شدہ فہرست جاری کردی، اب مجموعی طور پر تینوں کیٹگریز پر 33 امیدوار میدان میں ہیں۔ بلوچستان میں ایوان بالا کی 12نشستوں پر 36 امیدوار مد مقابل ہوں گے ۔ علاوہ ازیں پختونخوا اسمبلی کے نوشہرہ سے منتخب ن لیگ کے اختیار ولی حلف نہ اٹھانے کے باعث ووٹ پول نہیں کرسکیں گے جبکہ ایک رکن نے اثاثوں کے گوشوارے تاحال جمع نہیں کرائے ہیں اس لیے وہ بھی الیکشن میں حصہ نہیں لے سکیں گے۔