ضمنی الیکشن جعلی حکومت کیخلاف تمام صوبوں سے ریفرنڈم تھا‘ مریم نواز

120

لاہو ر‘وزیرآباد(نمائندہ جسارت+آن لائن) مسلم لیگ(ن)کی مرکزی نائب صدر مریم نواز نے کہا ہے کہ ضمنی انتخابات صرف الیکشن نہیں حکومت کیخلاف چاروں صوبوں سے ریفرنڈم تھا ، (ن) لیگی شیرنیوں نے جعلی حکومت کودن میں تارے دکھا دیے،دھاندلی نہ ہوتی تو ضمانتیں ضبط ہوجاتیں، ایجنسیز،وزیروں،مشیروں نے پورا زور لگایاپھر بھی نوازشریف جیت گیا،پنجابی جب جاگ جاتے ہیں تو گھر تک چھوڑ کر آتے ہیں، نواز شریف نے ان کو ان کے گھر میں گھس کر مارا ۔ بدھ کووزیر آباد میں پارٹی کارکنان سے خطاب کرتے ہوئے مریم نواز نے کہا کہ وزیرآباد میں نوازشریف کے بیانیے ووٹ کو عزت دو بلکہ ووٹ کو عزت دو کی جنگ بھی لڑی، جب ووٹوں کے بیگ اور تھیلے چرا کربھاگ رہے تھے تو شیروں نے ان کو پکڑا، عطا تارڑ وزیرآباد الیکشن کا ہیرو ہے،ڈسکہ اور نوشہرہ کے عوام کا شکریہ ادا کرتی ہوں کہ چینی ، گیس، آٹا چوروں کا مقبرہ بنا کر دفن کردیا ۔انہو ںنے کہاکہ ہر صوبے سے پے درپے شکست کے بعد عمران خان نے اپنی ڈوبتی کشتی کو سہارا دینے اور عزت بچانے کے لیے ڈسکہ میں ڈاکا مارا، یہ الیکشن نہیں ریفرنڈم تھا جس کا فیصلہ چاروں صوبوں سے آیا،سندھ، بلوچستان اور پنجاب میں الیکشن ہوئے، پی ٹی آئی ہار گئی ، خیبرپختونخوا میں الیکشن ہوا تو گھر میں گھس کرمارا، نوازشریف لندن میں بیٹھا ہے پھر بھی گھس کرمارا،پنجاب میں ڈاکا ڈالا، نواز شریف اور شہبازشریف کی حکومت نہیں تو نہ سہی لیکن تم نے پنجاب کو اتنا لاوارث سمجھا کہ پنجاب تمہارا منہ دیکھیں گے، یہ نیا پاکستان نہیں پرانا پاکستان جاگ گیا ہے۔