سیاسی منافقت کا دوسرا نام پی ڈی ایم ہے‘ شبلی فراز

96

اسلام آباد(خبر ایجنسیاں)وفاقی وزیر اطلاعات شبلی فراز کا کہنا ہے کہ سیاسی منافقت کا دوسرا نام پاکستان ڈیموکریٹک موومنٹ (پی ڈی ایم) ہے۔ اپوزیشن کا دوغلا پن ‘ہاتھی کے دانت کھانے کے اور دکھانے کے اور’ کے مترادف ہے۔شبلی فراز کا کہنا ہے کہ ایک طرف دھاندلی کا واویلا اور دوسری جانب شفاف انتخابی نظام کی مخالفت میں ایڑی چوٹی کا زور لگایا جا رہا ہے۔ شبلی فراز نے کہا ہے کہ وزیراعظم عمران خان ملک میں جمہوریت کی مضبوطی اور ووٹ کے تقدس کی بحالی چاہتے ہیں، فرسودہ خرید و فروخت کی روایت کو جڑ سے اکھاڑنا ہے، ایسے ارکان پارلیمنٹ میں آنے چاہییںجو ملک اور عوام کی بہتری کیلیے کام کر سکیں، سینیٹ الیکشن اور سیاست میں خرید و فروخت کے خلاف وزیراعظم اور حکومت چٹان کی طرح کھڑے ہیں، عام انتخابات میں الیکٹرانک ووٹنگ متعارف کرانے کی کوشش کر رہے ہیں۔ یہ بات انہوں نے بدھ کو یہاں سپریم کورٹ کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہی۔ وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات نے کہا کہ ہماری کوشش ہے کہ ملک میں جمہوریت کو مضبوط اور عوام کو خوشحال بنانے کے لیے ایسے لوگ پارلیمنٹ میں آئیں جو ملک اور عوام کی بہتری کیلیے کام کر سکیں نہ کہ وہ ایک خاص مقصد کیلیے پارلیمنٹ میں آئیں اور اپنا خرچ کیا ہوا پیسہ وصول کر کے مزید پیسہ بنائیں۔ انہوں نے کہا کہ سچ ہمیشہ غالب آتا ہے، فیصلہ انشاء اللہ حق پر آئے گا۔ انہوں نے کہا کہ وزیراعظم عمران خان اور ان کے کارکن حق اور سچ کے ساتھ تاریخ کے دائیں جانب کھڑے ہیں جبکہ جو تاریک قوتوں کی نمائندگی کر رہے ہیں وہ تاریخ کی بائیں جانب کھڑے ہیں اور تاریخ ان سے جواب مانگے گی۔ انہوں نے کہا کہ عام انتخابات میں الیکٹرانک ووٹنگ متعارف کرانے کی کوشش کر رہے ہیں، ہماری خواہش ہے کہ ہر سطح پر انتخابات میں شفافیت ہو کیونکہ ہمارے ملک میں جب بھی انتخابات ہوئے، ان پر اعتراضات آئے۔