معاشی ترقی کیلئے صنعتکاروں کا کردار قابل تحسین ہے،سیکرٹری صنعت و تجارت

420

کراچی (اسٹاف رپورٹر ) محکمہ صنعت و تجارت صوبے کا معاشی پہیہ چلانے میں اہم کردار ادا کرتا رہا ہے،صنعتوں کی اہمیت کا ادراک کرتے ہوئے محکمہ صنعت دستیاب وسائل کے تحت صنعتکاروںکو درپیش مسائل حل کرنے کے لیے تمام تر صلاحیتیں بروئے کارلائے گا ۔یہ بات سیکرٹری انڈسٹریز و کامرس سندھ محمد ریاض الدین نے کورنگی ایسوسی ایشن آف ٹرید اینڈ انڈسٹری (کاٹی) میں صنعت کاروں کی جانب سے اپنے اعزاز میں دیے گئے ظہرانے سے خطاب کے دوران کہی ۔اس موقع پر زاہد سعید، فرحان الرحمٰن، شیخ منظر عالم ، ذکی شریف اور نگہت اعوان نے بھی خطاب کیا۔ سیکرٹری انڈسٹریز ریاض الدین نے کہا کہ تمام تر مشکلات کے باوجود صنعتکار جس طرح ملک کی ترقی و خوش حالی اور معیشت کی بہتری کے لیے اپنا کردار ادا کررہے ہیں وہ قابل تحسین ہے ۔صوبے اور پورے ملک کے معاشی استحکام کے لیے صنعتی فروغ ہماری اولین ترجیح ہے۔ اس موقع پہ صدر کاٹی سلیم الزماں نے کورنگی صنعتی علاقے کے مسائل سے آگاہ کرتے ہوئے کہا کہ صنعتوں کو درجنوں اداروں کے سامنے جوابدہ بنایا گیا ہے جس کی وجہ سے ہمارا قیمتی وقت اور سرمایہ ضائع ہوتا ہے، ہم ان تمام اداروں کے لیے ون ونڈو آپریش کی طرز پر ایک طریقہ کار وضع کرنے کا مطالبہ کرتے آئے ہیں اور میں آج اسے پھر دہرا رہا ہوں۔ اس سے نہ صرف وقت اور حکومتی سرمائے کی بچت ہو گی بلکہ صنعتی کارکردگی میں بھی بہتری آئے گی۔صدر کاٹی نے کہا کہ صنعتکاروں کے مسائل حل کیے بغیر ملک ترقی نہیں کر سکتا۔ کاروباری برادری کو بنیادی سہولیات اور محفوظ ماحول فراہم کیے بغیر معاشی استحکام کی منزل حاصل نہیں ہوسکتی۔