وزیرتعلیم بنداسکولوں کی فیس معافی کاقانون پاس کرائیں‘ندیم مرزا

163

کراچی ( اسٹاف رپورٹر ) اسٹوڈنٹس پیرنٹس فیڈریشن آف پاکستان کے چیئرمین ندیم مرزا نے کہا ہے کہ صوبائی وزیر تعلیم سندھ اسمبلی سے خصوصی حالات میں بند اسکولوں کی فیس معافی کا قانون پاس کرائیں ،فیڈریشن فری شپ قوانین کی دھجیاں بکھیرنے والے پرائیویٹ تعلیمی اداروں کی نشاندہی کرنے کے لیے تیار ہیں،محکمہ تعلیم پرائیویٹ اسکولوں سے پچھلے دس سالوں کا فری شپ ریکارڈ مانگے کیونکہ طویل عرصے سے کوئی اسکول بھی دس فیصد کیا ایک فیصد بھی بچوں کو فری تعلیم نہیں دے رہا۔ اسکولوں میں پیرینٹس کونسل کا قیام عمل میں نہیں لایا گیا۔والدین نے بچوں کی فیس کے سال بھر کے بقایاجات بھرنے کے بجائے اسکول بدلنے کو ترجیح دی۔انہوں نے مزید کہا کہ اکثر اسکولوں نے فری ایڈمیشن کے بورڈ لگا دیے ہیںفری شپ کی آڑ میں اسکولوں کے داخلے بچانے کی ناکام کوشش کر رہے ہیں۔ان کا کہنا تھا کہ فری شپ کا قانون موجود تھا تو ابھی تک اس پر عمل درآمد کیوں نہیں کیا گیا؟محکمہ تعلیم والدین کے نمائندگان کے ساتھ ٹیم بنا کر اسکول کونسل اور فری شپ کے قانون پر عمل کی نگرانی کرے۔